
بیر بھوم، 29 مئی (ہ س)۔
بیر بھوم کے قد آور ترنمول لیڈر انوورت منڈل جن کے حکم کو حتمی سمجھا جاتا تھا۔ جیل سے واپسی کے بعد سے بیر بھوم کی سیاست میں ایک اہم تبدیلی آ گئی۔ ایک زمانے میں انتہائی بااثر رہنما رہے انوو رت منڈل کافی حد تک حاشیئے پر چلے گئے ہیں۔ ریاست میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد سے وہ اپنے گھر تک محدود ہیں۔ ذرائع کے مطابق جمعرات کی رات سے ریاستی پولیس کے تین سیکورٹی اہلکاروں کو بھی ہٹا دیا گیا ۔
ریاستی دیہی ترقی بورڈ کے چیئرمین کے طور پر، انوورت منڈل نے طویل عرصے سے وائی-پلس سیکورٹی کا لطف اٹھایا تھا۔ ان کے ساتھ ہر وقت مسلح پولیس اہلکار تعینات تھے۔ یہاں تک کہ بول پور کے نیچو پٹی میں واقع ان کے گھر کی حفاظت ریاستی پولیس کے اہلکارکر رہے تھے ۔ تاہم ریاست میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد ترنمول کے کئی بااثر لیڈران بشمول انوورت منڈل کی سیکورٹی میں کمی کر دی گئی۔
وائی پلس سکیورٹی ہٹانے کے بعد ان کے گھر پر دو مسلح سکیورٹی اہلکار اور ایک پولیس اہلکار تعینات کر دیا گیا۔ تاہم جمعرات کی رات سے یہ انتظام بھی بند کر دیا گیا ۔ سیکیورٹی ہٹائے جانے کے بعد ان کے اندرونی حلقوں میں ذاتی سیکیورٹی کے امکان کے حوالے سے بحث شروع ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ان کے لیے ذاتی سیکیورٹی گارڈ کی تلاش جاری ہے۔ تاہم انورت منڈل نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ