
نئی دہلی، 29 مئی (ہ س)۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی قیادت والی دہلی حکومت نے قومی اہلیت-کم-داخلہ ٹیسٹ (این ای ای ٹی) میں شرکت کرنے والے امیدواروں کی سہولت کے لیے ایک اہم فیصلہ لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ امتحان کے دن 21 جون کو تمام امیدوار اپنے امتحانی مراکز تک پہنچنے کے لئے ڈی ٹی سی بسوں میں مفت سفر کر سکیں گے۔ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے، امیدواروں کو بس کنڈکٹر کو اپنا درست این ای ای ٹی ایڈمٹ کارڈ دکھانے کی ضرورت ہوگی۔
وزیر اعلیٰ نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا کہ این ای ای ٹی امتحان کی حالیہ منسوخی کی وجہ سے بہت سے امیدواروں کو دوبارہ امتحان میں شرکت کرنا پڑ رہی ہے۔ نتیجتاً، امیدواروں اور ان کے اہل خانہ کو اضافی ذہنی، وقتی اور مالی دباو¿ کا سامنا کرنا فطری امر ہے۔ دہلی حکومت ان چیلنجوں کو سمجھتی ہے اور ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے کہ امتحان کے دن امیدواروں کو نقل و حمل سے متعلق کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس مقصد کے لیے، 21 جون کو تمام این ای ای ٹی امیدواروں کوڈی ٹی سی بسوں میں مفت سفر فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ بغیر کسی اضافی تناو¿ کے اپنے امتحانی مراکز پر وقت پر پہنچ سکیں اور پوری توجہ اور اعتماد کے ساتھ امتحان دے سکیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کا وقت، محنت اور مستقبل انتہائی اہم ہے۔ دہلی حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ امیدواروں کو ان کی تعلیم اور مسابقتی امتحانات کے دوران ہر ممکن تعاون اور سہولت حاصل ہو۔این ای ای ٹی جیسے اہم امتحانات امیدواروں کی زندگیوں اور مستقبل کو چھوتے ہیں۔ ایسے وقت میں یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ امتحان کے دن امیدواروں کو زیادہ سے زیادہ مدد اور سہولت فراہم کرے تاکہ انہیں کسی غیر ضروری پریشانی یا تناو کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیر اعلیٰ نے تمام این ای ای ٹی امیدواروں کو نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ امتحان ان کی محنت، لگن اور خوابوں کو نئی سمت دینے کا موقع ہے۔ انہوں نے امیدواروں پر زور دیا کہ وہ اعتماد کے ساتھ امتحان دیں اور ان کے روشن مستقبل کی خواہش کی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی