
نئی دہلی، 28 مئی (ہ س)۔
گھریلو شیئر بازار میں آج عیدالاضحیٰ کے موقع پر تعطیل ہے۔ تعطیل کے باعث بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) میں آج کوئی کاروبار نہیں ہو رہا ہے۔ بامبے اسٹاک ایکسچینج اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج کی طرح ہی ملٹی کموڈٹی ایکسچینج (ایم سی ایکس) میں بھی عید الاضحیٰ کی چھٹی ہونے کی وجہ سے آج دن کے پہلے سیشن میں یعنی صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک کاروبار نہیں ہو رہا ہے۔ حالانکہ ایم سی ایکس میں شام پانچ بجے سے رات 11.30 اور 11.55 بجے تک دوسرے سیشن میں معمول کا کاروبار ہوگا۔
اسٹاک ایکسچینج کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق عیدالاضحی کی چھٹی ہونے کی وجہ سے بی ایس ای میں ایکویٹی سیگمنٹ، ایکویٹی ڈیریویٹوز سیگمنٹ، کرنسی ڈیریویٹوز سیگمنٹس، نیو ڈیٹ سیگمنٹ- رپورٹنگ، سیٹلمنٹ اینڈ ٹریڈنگ پلیٹ فارم (این ڈی ایس-آر ایس ٹی)، ٹرائی پارٹی ریپو، الیکٹرانک گولڈ ریسیٹس (ای جی آر)، کموڈٹی ڈیریویٹوز سیگمنٹ سبھی کے لیے ٹریڈنگ ہالیڈے ہے۔
اسی طرح این ایس ای میں بھی عید الاضحی کی چھٹی ہونے کی وجہ سے ایکویٹیز، ایکویٹی ڈیریویٹوز، کارپوریٹ بانڈز، نیو ڈیٹ سیگمنٹس، نیگوشی ایٹڈ ٹریڈ رپورٹنگ پلیٹ فارم، میوچل فنڈز، سیکیورٹی لینڈنگ اینڈ بارونگ اسکیمز، کرنسی ڈیریویٹوز، کموڈٹی ڈیریویٹوز اور انٹرسٹ ریٹ ڈیریویٹوز سبھی سیگمنٹس میں چھٹی ہے۔ ان میں آج کوئی کاروبار نہیں ہوگا۔
شیئر بازار کے ہالیڈے کیلنڈر کے مطابق مئی کے مہینے میں آج کی عید الاضحی کی چھٹی کے بعد جون کے مہینے میں صرف ایک دن 26 جون کو عاشورہ (10 محرم الحرام) کی وجہ سے شیئر بازار میں کاروبار نہیں ہوگا۔ اس کے بعد جولائی اور اگست میں شیئر بازار میں ہفتہ وار چھٹیوں کے علاوہ اور کوئی چھٹی نہیں ہوگی۔ ستمبر کے مہینے میں 14 تاریخ کو گنیش چتورتھی کی چھٹی ہوگی۔
اس کے بعد اکتوبر کے مہینے میں دو تاریخ کو مہاتما گاندھی جینتی کی وجہ سے شیئر بازار میں کوئی کاروبار نہیں ہوگا۔ اسی مہینے 20 تاریخ کو شیئر بازار میں دسہرہ کی چھٹی ہوگی، جبکہ 10 نومبر کو بلی پرتیپدا کی وجہ سے شیئر بازار میں چھٹی رہے گی۔ نومبر کے مہینے میں 24 تاریخ کو شری گرو نانک دیو گرو پورب کی چھٹی رہے گی۔ اسی طرح سال کے آخری مہینے دسمبر میں 25 تاریخ کو کرسمس کی چھٹی رہے گی۔
اس ہالیڈے کیلنڈر کے مطابق سال 2026 میں جنوری سے لے کر دسمبر تک ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار چھٹیوں کے علاوہ کل 16 دن چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔ پورے سال کے دوران سب سے زیادہ چھٹیاں مارچ کے مہینے میں دی گئی ہیں۔ مارچ کے مہینے میں 3 مارچ کو ہولی کی چھٹی تھی، جبکہ 26 مارچ کو رام نومی کی اور مارچ کے آخری دن 31 مارچ کو شری مہاویر جینتی کے باعث شیئر بازار میں چھٹی تھی۔ مارچ کے بعد 3 اپریل کو گڈ فرائیڈے کی چھٹی تھی، جبکہ 14 اپریل کو ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر جینتی کی وجہ سے شیئر بازار بند رہا۔ اسی طرح ایک مئی کو مہاراشٹر ڈے کے باعث شیئر بازار میں کوئی کاروبار نہیں ہوا تھا۔
اس سال یوم آزادی یعنی 15 اگست ہفتے کے دن رہنے والا ہے۔ اسی طرح دیوالی اٹھ نومبر کو اتوار کے دن ہوگی۔ ہفتہ اور اتوار ہونے کی وجہ سے ان دونوں دنوں کو شیئر بازار کے ہالیڈے کیلنڈر میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ دیوالی کے دن اتوار ہونے کے باوجود شیئر بازار میں مہورت ٹریڈنگ ہوگی، حالانکہ مہورت ٹریڈنگ کا وقت بعد میں مطلع کیا جائے گا۔
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن