
جموں, 28 مئی (ہ س)۔
مسافروں کی سہولت کے پیش نظر شمالی ریلوے جموں ڈویژن نے نئی دہلی اور شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا کے درمیان چلنے والی خصوصی ٹرین کو متبادل راستے سے بحال رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ریلوے حکام کے مطابق بعض ناگزیر وجوہات کی بنا پر ٹرین سروس کو مخصوص تاریخوں پر مکمل طور پر منسوخ کیا جانا تھا، تاہم یاتریوں خصوصاً شری ماتا ویشنو دیوی کے درشن کے لیے جانے والے عقیدت مندوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹرین کو متبادل راستے سے چلانے کا فیصلہ لیا گیا۔
سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر جموں ڈویژن اُچت سنگھل نے کہا کہ مسافروں کی سہولت ریلوے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین کی منسوخی سے ہزاروں مسافروں کو مشکلات پیش آ سکتی تھیں، اس لیے متبادل راستہ اختیار کیا گیا۔
ریلوے کے مطابق ٹرین نمبر 04081 نئی دہلی سے 29 مئی، یکم جون اور 3 جون کو روانہ ہوگی اور یہ ٹرین غازی آباد، سہارنپور اور امبالہ کینٹ کے راستے شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا پہنچے گی۔ راستہ تبدیل ہونے کی وجہ سے ٹرین پانی پت اور کروکشیتر اسٹیشنوں پر نہیں رکے گی۔
اسی طرح ٹرین نمبر 04082 کٹرا سے نئی دہلی کے لیے 30 مئی، 2 جون اور 4 جون کو روانہ ہوگی اور یہ بھی متبادل راستے سے چلائی جائے گی۔ واپسی کے سفر کے دوران بھی پانی پت اور کروکشیتر اسٹیشنوں پر ٹرین کا توقف نہیں ہوگا۔
ریلوے انتظامیہ نے پانی پت اور کروکشیتر سے سفر کرنے والے مسافروں کو متبادل سفری انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ حکام کے مطابق ٹرین کے نئے راستے اور اوقات سے متعلق معلومات اسٹیشن اعلانات، انکوائری کاؤنٹروں اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر