
جموں, 28 مئی (ہ س)۔
جموں کے سرحدی علاقے آر ایس پورہ کے گاؤں بڈیال برہمنہ میں واقع نکی توی علاقے میں جاری غیر قانونی کانکنی کے خلاف انتظامیہ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کئی مشینیں اور گاڑیاں ضبط کر لیں۔ اس کارروائی کے بعد علاقے میں افرا تفری مچ گئی جبکہ مقامی لوگوں نے انتظامیہ کے اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق نکی توی کے سرحدی علاقے میں کافی عرصے سے غیر قانونی کانکنی کا سلسلہ جاری تھا۔ مقامی باشندوں کی مسلسل شکایات کے بعد ایس ڈی ایم آر ایس پورہ انورادھا ٹھاکر نے خود موقع پر پہنچ کر اچانک معائنہ کیا اور کارروائی کے دوران غیر قانونی کانکنی میں استعمال ہونے والی کئی مشینیں اور گاڑیاں ضبط کر لی گئیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دن رات ٹریکٹر ٹرالیاں اور بھاری مشینیں دریا کے علاقے میں سرگرم رہتی تھیں جس سے ماحولیات کو شدید نقصان پہنچ رہا تھا، لیکن متعلقہ محکمہ اور پولیس کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی تھی۔ لوگوں نے محکمہ مائننگ، پولیس اور کانکنی مافیا کے درمیان ملی بھگت کے الزامات بھی عائد کیے ہیں۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی کانکنی کو تحفظ فراہم کرنے والے افسران اور ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور پورے معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائیں۔ عوام نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ نکی توی سمیت سرحدی علاقوں میں غیر قانونی کانکنی پر مستقل روک لگانے کے لیے باقاعدہ نگرانی اور مشترکہ مہم چلائی جائے تاکہ قدرتی وسائل کی لوٹ مار کو روکا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر