
شملہ، 28 مئی(ہ س)۔ ہماچل پردیش میں شدید گرمی کے درمیان اب موسم بدلنے جارہاہے۔ محکمہ موسمیات نے آج سے 30مئی تک ریاست کے کئی حصوں میں بارش، گرج چمک، اولے اور بجلی گرنے کا انتباہ جاری کیا ہے۔ نوتپا کے دوران لوگوں کو شدید گرمی سے راحت ملنے کی امید ہے۔ جمعرات کو بھی ریاست کے بیشتر حصوں میں تیز دھوپ ہے، جبکہ بہت سے پہاڑی اور اونچائی والے علاقے ابر آلود ہیں ۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اونا اور بلاس پور میں گرمی کی لہر برقرار رہی۔ اونا ریاست کا سب سے گرم مقام تھا جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ بلاس پور میں پارہ 41 ڈگری تک پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ان دونوں اضلاع میں معمول سے کافی زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مغربی خلل کے فعال ہونے کی وجہ سے اونا، بلاس پور اور سولن میں آج گرج چمک اور تیز ہواو¿ں کے ساتھ لو کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ چمبا، کانگڑا، کلو، منڈی اور شملہ کے لیے ژالہ باری اور 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواو¿ں کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ہمیر پور میں ایلو الرٹ جاری رہے گا۔
29مئی کو بھی موسم خراب رہے گا۔ اونا، بلاس پور، ہمیر پور، چمبا اور سولن میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کانگڑا، کلو، منڈی، شملہ اور سرمور کے لیے اولے، گرج چمک اور بجلی گرنے کا اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ نے لوگوں کو خراب موسم کے دوران درختوں اور کمزور ڈھانچوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
30 مئی کو چمبا، کانگڑا، کلو، منڈی، شملہ، سولن اور سرمور کے الگ الگ مقامات پر 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواوں کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ طوفان آنے کا امکان ہے۔ اس کے بعد 31 مئی سے 3, جون تک میدانی علاقوں میں موسم صاف رہنے کی توقع ہے، جبکہ وسطی اور اونچے پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش اور بادل چھائے رہ سکتے ہیں۔
اس دوران شملہ کی راتوں نے بھی لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔ کل رات شملہ میں کم از کم درجہ حرارت 20 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 4.40 ڈگری زیادہ ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ شملہ کا رات کا درجہ حرارت منڈی اور بلاس پور کے برابر رہا۔ واضح طور پر، دارالحکومت شملہ کی راتیں اب میدانی علاقوں کی طرح گرم ہیں۔
ریاست میں کم از کم درجہ حرارت کے بارے میں بات کریں تو، سب سے زیادہ 26.3 ڈگری سیلسیس ہمیر پور ضلع کے نیری میںریکارڈ کیا گیا۔ اس کے بعد پاونٹا صاحب اور دہرہ گوپی پور میں 23 ڈگری سیلسیس، جبڑہٹی میں 22 ڈگری سیلسیس، کانگڑا میں 21 ڈگری سیلسیس، اونا میں 21 ڈگری سیلسیس، دھرم شالہ اور ناہن میں 20 ڈگری سیلسیس، پالم پور میں 20 ڈگری سیلسیس، شملہ اور منڈی میں 20 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ سب سے کم درجہ حرارت لاہول اسپیتی ضلع کے کوکم سری میں 3.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی