تلنگانہ کے انٹرنیٹ ٹی فائبر پروجیکٹ پر وزیر اعلی کی مرکزی وزیر کے ساتھ ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد، 28 مئی (ہ س) - ریاست تلنگانہ کو حقیقی معنوں میں ایک ڈیجیٹل ریاست بنانے اور دیہی علاقوں تک بلا تعطل تیزرفتارانٹرنیٹ پہنچانے کے عزم کے ساتھ حکومت نے ایک بڑے اور انقلابی اقدام کا آغاز کیا ہے۔وزیراعلی ریونت ریڈی اور ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت
تلنگانہ کے انٹرنیٹ ٹی فائبر پروجیکٹ پر وزیر اعلی کی مرکزی وزیر کے ساتھ ویڈیو کانفرنس


حیدرآباد، 28 مئی (ہ س) - ریاست تلنگانہ کو حقیقی معنوں میں ایک ڈیجیٹل ریاست بنانے اور دیہی علاقوں تک بلا تعطل تیزرفتارانٹرنیٹ پہنچانے کے عزم کے ساتھ حکومت نے ایک بڑے اور انقلابی اقدام کا آغاز کیا ہے۔وزیراعلی ریونت ریڈی اور ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت ڈی سری دھربابو نے مرکزی وزیر مواصلات جیوتر ادتیہ سندھیا کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی جس میں مرکز کے ترمیم شدہ بھارت نیٹ پروگرام (اے بی پی) کے تحت تلنگانہ میں ٹی فائبر پروجیکٹ کے موثر نظام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں ہرگاؤں اور ہرگھر تک ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ کی فراہمی کے ریاستی ویژن کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے مرکز اور ریاست کے درمیان مضبوط تال میل پراتفاق کیاگیا اور مرکزی وزیر نے تلنگانہ کے اس بڑے منصوبہ کیلئے ہر ممکن تعاون کا بھرپور یقین دلایا ۔وزیراعلی نے ویڈیو کانفرنس کے دوران ترمیم شدہ بھارت نیٹ پروگرام کے آسان اور تیز رفتار نفاذ کیلئے چند کلیدی مسائل مرکزی وزیر جیوتر ادتیہ سندھیا کی توجہ میں لائیں۔

انہوں نے پروجیکٹ میں عمل درآمد سے متعلق باہمی معاہدہ کو جلد سے جلد حتمی شکل دینے اور مرکزکی جانب سے زیرالتواء فنڈس کے فوری اجرائی کی ضرورت پرزور دیا۔ اس کے علاوہ وزیراعلی ریونت ریڈی نے گرام پنچایت رنگ نیٹ ورک کے اثاثوں کو منڈل سطح سے مرکزی ڈیجیٹل بھارت فنڈ (ڈی بی ایف) میں منتقل کرنے کیلئے ایک واضح اورجامع پالیسی وضع کرنے کا مطالبہ کیا جس پرمرکزی وزیر نے انتہائی مثبت ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کاتیقن دیا۔ اس میٹنگ میں چیف سکریٹری راما کرشنا راؤ ،وزیراعلی کے اسپیشل سکریٹری اجیت ریڈی اورمحکمہ آئی ٹی کے جوائنٹ سکریٹری ڈی اندیپ کے علاوہ دیگرعہدیدار بھی موجود تھے۔

تلنگانہ حکومت کی جانب سے ایک مضبوط اور جدید ترین نیٹ ورک کے قیام کیلئے اسپیشل پرپزوہیکل (ایس پی وی) کی منظوری دی گئی جو مرکز کے ساتھ حتمی معاہدہ کے بعد ریاست میں ایک متحد ڈیجیٹل ہیڈی کا کام کرے گی۔ اس پروجیکٹ کے تحت ڈی فائبر نیٹ ورک کے ذریعہ ریاست کی ہر گرام پنچایت کو ایک جدید رنگ آرکیٹکچر کے ذریعہ جوڑا جائےگا۔ اس جدید ترین ٹکنالوجی کی خاصیت یہ ہے کہ اگر کسی ایک روٹ یالائین میں کوئی ٹکنیکل خلل یا خرابی پیداہوتی ہے تب بھی متبادل راستہ سے انٹرنیٹ خدمات بغیر کسی رکاوٹ کے خود بخود جاری رہے گی جس سے تلنگانہ کے عوام کو اسکول اور سرکاری دفاتر کو 24 گھنٹے بلا تعطل ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ حاصل ہوگا۔پروجیکٹ کے پہلے مرحلہ کے تحت حکومت نے ان علاقوں پرتوجہ مرکوزکی ہے جہاں ماضی میں نیٹ ورک متاثرہوا تھا۔ پہلے مرحلہ میں متحدہ اضلاع نظام آباد ،رنگا ریڈی اور کھمم کے 3089 گاؤں میں ڈیجیٹل کنکٹیویٹی کو مکمل طور پر بحال اور جدید خطوط پراستوار کیا جائے گا۔

ترمیم شدہ بھارت نیٹ پروگرام کے تحت ان تمام دیہاتوں کو ریاست کے دیگر شہری حصوں کے برابرلاتے ہوئے مستقبل کی ضروریات سے لیس جدید ترین فائبر انفراسٹرکچر سے آراستہ کیا جائے گا۔ حکومت کا یہ اقدام دیہی معیشت تعلیم اور اور آن لائین گورننس کے شعبہ میں ایک نیا اور تاریخی انقلاب برپا کرے گا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande