
جموں, 28 مئی (ہ س)۔
ضلع راجوری کے ڈوری مال جنگلاتی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جاری انکاؤنٹر آج چھٹے روز میں داخل ہو گیا۔ فورسز نے رات کے وقت دہشت گردوں کی ممکنہ فرار کی کوشش ناکام بنانے کے لیے نائٹ الیومینیشن شیلز کا استعمال کیا۔ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز رات کے اوقات میں لائٹ راؤنڈز کے ذریعے پورے علاقے کو روشن کر رہی ہیں تاکہ دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے۔یہ انکاؤنٹر آپریشن شیروالی کے دوران شروع ہوا تھا، جو خفیہ اطلاع ملنے کے بعد لانچ کیا گیا۔ ہفتہ کے روز فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا، جس کے بعد گزشتہ پانچ دنوں سے وقفے وقفے سے فائرنگ جاری ہے۔ڈوری مال کا علاقہ گھنے جنگلات اور پہاڑیوں پر مشتمل ہے، جس کی وجہ سے آپریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ سیکورٹی فورسز نے جنگلات کے چاروں اطراف بھاری نفری تعینات کر رکھی ہے تاکہ دہشت گرد محاصرہ توڑ کر فرار نہ ہو سکیں۔فورسز کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو تلاش کرکے ختم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر انسدادِ دہشت گردی آپریشن جاری ہے، جبکہ رات کے وقت علاقے پر مکمل نگرانی برقرار رکھنے کے لیے نائٹ الیومینیشن شیلز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر