ہائیوے پیٹرولنگ جیپ کو تیز رفتار ڈمپر نے ٹکر ماری، داروغہ کی موت، دو پولیس اہلکار شدید زخمی
اوریا، 28 مئی (ہ س)۔ اتر پردیش کے ضلع اوریا میں کانپور-اٹاوا نیشنل ہائیوے پر بدھ کے روز 28-27 مئی کی درمیانی رات ایک دردناک سڑک حادثے میں ہائیوے پیٹرولنگ پر تعینات داروغہ کی موت ہو گئی، جبکہ دو پولیس اہلکار شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ صد
تصویر۔ متوفی سب انسپکٹر


اوریا، 28 مئی (ہ س)۔

اتر پردیش کے ضلع اوریا میں کانپور-اٹاوا نیشنل ہائیوے پر بدھ کے روز 28-27 مئی کی درمیانی رات ایک دردناک سڑک حادثے میں ہائیوے پیٹرولنگ پر تعینات داروغہ کی موت ہو گئی، جبکہ دو پولیس اہلکار شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ صدر کوتوالی علاقے کے مہولی فلائی اوور بائی پاس کے پاس ہوا، جہاں ایک تیز رفتار اور بے قابو ڈمپر نے کھڑی پولیس جیپ کو پیچھے سے زوردار ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی خوفناک تھی کہ پولیس کی پیٹرولنگ جیپ کے پرخچے اڑ گئے اور گاڑی سڑک کے کنارے پلٹ کر پوری طرح تباہ ہو گئی۔ حادثے کے بعد جائے وقوع پر چیخ و پکار مچ گئی۔ مقامی لوگوں اور پولیس اہلکاروں کی مدد سے جیپ میں پھنسے تینوں پولیس اہلکاروں کو باہر نکال کر فوری طور پر ضلع اسپتال پہنچایا گیا۔

ضلع اسپتال میں ڈاکٹروں نے سب انسپکٹر دنیش بھدوریا، رہائشی فتح پور، آگرہ کو مردہ قرار دے دیا۔ وہیں ہیڈ کانسٹیبل سلیش، رہائشی ہمیر پور اور سپاہی منوج، رہائشی جھانسی کی حالت تشویشناک ہونے پر ابتدائی علاج کے بعد ہائر سینٹر ریفر کر دیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی محکمہ پولیس میں ہلچل مچ گئی۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ اوریا ابھشیک بھارتی سمیت کئی سینئر افسران فوری طور پر ضلع اسپتال پہنچے اور زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔

ایس پی ابھشیک بھارتی نے بتایا کہ حادثے کے بعد ڈمپر اور اس کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ معاملے میں مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande