
نئی دہلی، 26 مئی (ہ س)۔ مرکزی سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے وزیر نتن گڈکری نے دہلی اور ہریانہ میں 3,332 کلومیٹر طویل قومی شاہراہ پروجیکٹوں کے معیار اور دیکھ بھال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مانسون سے قبلپروجیکٹوں پر بروقت عمل درآمد، معیار کی نگرانی اور ضروری تیاریوں کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔
مرکزی سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت نے کہا کہ منگل کو یہاں منعقدہ جائزہ میٹنگ میں مرکزی وزرائے مملکت اجے ٹمٹا ، ہرش ملہوترا، نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی)، سڑک ٹرانسپورٹ اورشاہراوں کی وزارت کے سینئر افسران اور پروجیکٹ سے وابستہ ٹھیکیداروں نے شرکت کی۔ جائزہ میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے موصول ہونے والے تاثرات پر مبنی تھا۔
گڈکری نے میٹنگ میں زمین پر کام کو تیز کرنے، معیار کی نگرانی کو مضبوط بنانے اور جدید تعمیراتی تکنیکوں کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس سے سڑک کی زندگی میں اضافہ ہوگا، سفری معیار میں بہتری آئے گی اور کلیدی راستوں پر بغیر کسی رکاوٹ کے رابطے کو یقینی بنایا جائے گا۔
مرکزی وزیر نے عہدیداروں کو مانسون سیزن سے قبل پیشگی تیاری کرنے کی بھی ہدایت دی، جس میں مؤثر نکاسی آب کے نظام کو یقینی بنانا، ڈھلوان حفاظتی اقدامات اور کسی بھی رکاوٹ کی صورت میں تیز رفتار ردعمل کا طریقہ کار تیار رکھنا تاکہ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے اور ٹریفک میں خلل کو روکا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد