15 جون سے 30 ستمبر تک میلگھاٹ جنگل سفاری بند , بارش کے موسم کے پیش نظر محکمہ جنگلات کا اہم فیصلہ
امراوتی، 26 مئی (ہ س) میلگھاٹ ٹائیگر پروجیکٹ میں جنگل سفاری کے خواہشمند سیاحوں کے لیے اہم خبر سامنے آئی ہے۔ محکمہ جنگلات نے آئندہ مانسون کے پیش نظر میلگھاٹ کے سیمادوہ، چکھلدرا، ہریسال، شاہانور، نرنالا اور دیگر تمام سفاری گیٹس کو 15 جون سے 30 ستم
Environment Amravati Melghat Safari


امراوتی، 26 مئی (ہ س) میلگھاٹ ٹائیگر پروجیکٹ میں جنگل سفاری کے خواہشمند سیاحوں کے لیے اہم خبر سامنے آئی ہے۔ محکمہ جنگلات نے آئندہ مانسون کے پیش نظر میلگھاٹ کے سیمادوہ، چکھلدرا، ہریسال، شاہانور، نرنالا اور دیگر تمام سفاری گیٹس کو 15 جون سے 30 ستمبر تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے سبب تقریباً ساڑھے تین ماہ تک سیاح جنگل سفاری سے لطف اندوز نہیں ہو سکیں گے۔

عام طور پر 15 جون سے مانسون ختم ہونے تک ریاست کے کئی ٹائیگر پروجیکٹس میں سیاحت بند کر دی جاتی ہے، جبکہ یکم اکتوبر سے دوبارہ سفاری شروع کی جاتی ہے۔ محکمہ جنگلات نے آئندہ 15 جون سے میلگھاٹ سفاری کی بکنگ بھی بند کر دی ہے، جس کی اطلاع سرکاری ویب سائٹ پر دی گئی ہے۔ اس وجہ سے اب سیاحوں کو مانسون ختم ہونے تک جنگل سفاری کے لیے انتظار کرنا پڑے گا۔ محکمہ جنگلات کے ذرائع کے مطابق مانسون کے دوران جنگلاتی راستے خراب ہو جاتے ہیں اور گاڑیاں پھنسنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس کے علاوہ جنگلی جانوروں کے افزائشی موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی قدرتی نقل و حرکت متاثر نہ ہو، اس لیے بھی سفاری بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ بارش کے موسم میں جنگلاتی علاقوں کے کچے راستوں کی حالت مزید خراب ہو جاتی ہے۔ جنگلی حیات اور سیاحوں کے تحفظ کے پیش نظر سفاری سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کی جاتی ہیں۔ شدید بارش کے دوران جنگل میں گاڑیاں چلانا خطرناک ثابت ہوتا ہے، کیونکہ کئی راستے پھسلن زدہ ہو جاتے ہیں، ندی نالوں میں پانی بھر جاتا ہے اور حد نگاہ کم ہو جاتی ہے۔ اسی وجہ سے ہر سال مانسون کے دوران کور ایریا کی سفاریاں بند رکھی جاتی ہیں۔ اگر بارش معمول کے مطابق رہی تو بعض بفر زون یا محدود راستے سیاحوں کے لیے کھلے رکھے جا سکتے ہیں، تاہم مسلسل شدید بارش کی صورت میں ان علاقوں کی سفاریاں بھی بند کی جا سکتی ہیں۔ محکمہ جنگلات نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ سفاری بک کرنے سے پہلے متعلقہ محفوظ جنگلات سے سرکاری معلومات ضرور حاصل کریں۔

میلگھاٹ کے گھنے جنگلات اپنی حیاتیاتی تنوع کے لیے مشہور ہیں، جہاں نایاب درختوں، پہاڑی سلسلوں اور وادیوں کے ساتھ مختلف جنگلی جانور پائے جاتے ہیں۔ یہاں سیاحوں کے لیے جنگل سفاری کی خصوصی سہولت موجود ہے۔ میلگھاٹ میں اکثر سیاحوں کو شیر، ریچھ، سانبھر اور جنگلی بیل جیسے جانور دیکھنے کو ملتے ہیں۔

اس وقت میلگھاٹ کے جنگلات میں سو سے زائد شیروں کی موجودگی بتائی جاتی ہے۔ جنگلاتی سفاری راستوں پر محکمہ جنگلات کی جانب سے ہر دو سے تین کلومیٹر کے فاصلے پر جانوروں کے لیے پانی کے ذخائر بھی بنائے گئے ہیں، جس کے باعث گرمیوں میں پانی پینے کے لیے بڑی تعداد میں جانور یہاں آتے ہیں اور اس دوران سیاحوں کو جانوروں کے دیدار کے زیادہ امکانات رہتے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande