
بارہ بنکی، 25 مئی (ہ س)۔ اتر پردیش کے بارہ بنکی ضلع کے فتح پور تھانہ علاقے کے جھانسہ گاؤں میں ہوئے خوفناک ڈمپر حادثے کے سلسلے میں پولیس نے کل رات ڈمپر کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا اور اسے پیر کو جیل بھیج دیا۔ تیز رفتاری اور لاپرواہی کے اس ہولناک واقعے نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیاتھا، جہاں سڑک کے کنارے سوئے ہوئے ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی دردناک موت ہو گئی تھی، جب کہ ایک خاتون اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہی ہے۔
فتح پور پولیس نے فرار ڈرائیور روی کمار ولد رام نارائن کو گرفتار کرلیا۔ ملزم بہرائچ ضلع کے فخر پور تھانہ علاقے کے پٹی کمال پور گاؤں کا رہنے والا ہے۔ حادثے کے بعد سے ڈرائیور فرار تھا اور پولیس اس کی تلاش کر رہی تھی۔ آخر کار ایک مخبر کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس ٹیم نے اسے کل دیر رات فتح پور ریلوے کراسنگ کے قریب سے گرفتار کرلیا۔
قابل ذکر ہے کہ ہفتہ کی صبح ایک تیز رفتار ڈمپر اچانک بے قابو ہو گیا اور سڑک کے کنارے گھر کے باہر سوئے ہوئے ایک خاندان کو ٹکر مار دی۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ جائے وقوعہ پر افراتفری اور خوف و ہراس پھیل گیا۔ اس المناک حادثے میں نیرج چوہان، ان کا 10 سالہ بیٹا انوراگ، 8 سالہ بیٹی انشیکا اور 7 سالہ معصوم یگ کی موت ہوگئی۔ نیرج کی بیوی آرتی شدید زخمی ہو گئی اور لکھنؤ کے اسپتال میں زیر علاج ہے۔
حادثے کے بعد گاؤں میں غم و غصے کا ماحول ہے۔ متوفی نیرج کے سالے انوپ کمار کی شکایت پر ملزم ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ معاملے کی تفتیش کرنے والے سب انسپکٹر آلوک سنگھ راجاوت نے بتایا کہ ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے جیل بھیج دیا گیا۔ پولیس انسپکٹر امت سنگھ نے کہا کہ ڈمپر کا تکنیکی معائنہ کیا جا رہا ہے جس میں گاڑی کی فٹنس، بریک سسٹم اور رفتار کی جانچ کرنا شامل ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ بھی حرکت میں آگیا ہے اور ڈرائیور کے لائسنس اور گاڑی کے کاغذات کی جانچ پڑتال شروع کردی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد