
نئی دہلی، 25 مئی (ہ س)۔
مرسڈیز ڈرائیورکیمی اینٹونیلی نے اتوار کو مونٹریال کے سرکٹ گلس ویلینیو میں منعقدہ کناڈین گراں پری میں مسلسل چوتھی جیت کا دعوی کرنے کے لیے شاندار کارکردگی پیش کی۔ 19 سالہ اینٹونیلی نے ریس جیت کر تاریخ رقم کی۔
اینٹونیلی اور اس کے ساتھی جارج رسل کے درمیان پوری ریس میں زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ دونوں نے کئی بار برتری حاصل کی، خاص طور پر 13ویں لیپ میں ایک سنسنی خیز مقابلے میں۔ تاہم، 68 لیپ ریس کے 30 ویں لیپ پر جارج رسل کی کار پاور یونٹ میں خرابی پیش آگئی، جس کی وجہ سے انہیںریس درمیان میں ہی چھوڑنے پر مجبور ہوناپڑا۔
اینٹونیلی1952 میں البرٹو اسکاری کے بعد مسلسل چار ریس جیتنے والا پہلا اطالوی ڈرائیور بن گیا۔ وہ اپنے کیریئر کی پہلی چار ریسیں جیتنے والا پہلا فارمولا 1 ڈرائیور بھی بن گیا۔
انٹونیلی نے ریس جیتنے کے بعد کہامیں اس طرح جیتنا نہیں چاہتا تھا۔ جارج کے ساتھ شاندار لڑائی جاری تھی، لیکن جیت تو جیت ہوتی ہے۔
اینٹونیلی نے 1 گھنٹہ 28 منٹ 15 سیکنڈ میں ریس مکمل کی اورفیراری کے لیوس ہیملٹن کو تقریباً 11 سیکنڈز سے پیچھے چھوڑدیا۔ ریڈ بل کے میکس ورسٹاپن تیسرے نمبر پر رہے۔
مرسڈیز نے اس سیزن میں تمام پانچ گرانڈ پری ریس جیت لی ہیں۔ انٹونیلی 131 پوائنٹس کے ساتھ ڈرائیورز چیمپئن شپ میں سرفہرست ہیں، جب کہ جارج رسل 88 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
رسل نے اپنی کار میں خرابی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، اچانک سب کچھ رک گیا، انجن بند ہو گیا، الیکٹرانکس کام نہیں کر رہا تھا اور بریک ٹھیک نہیں تھی۔ یہ بہت مایوس کن تھا۔
کنسٹرکٹرز چیمپئن شپ میں مرسڈیز 219 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، اس کے بعد فیراری 147 اور میک لارن 106 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی