
ورون چکرورتی کی جدوجہد اور جذبے کو سلام، وہ درد میں بھی ٹیم کے لیے کھیلے: اجنکیا رہانے
کولکاتا، 25 مئی (ہ س)۔ کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے کپتان اجنکیا رہانے نے انکشاف کیا ہے کہ اسٹار اسپنر ورون چکرورتی نے پیر کی انگلی میں فریکچرہونے کے باوجود کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ رہانے نے کہا کہ ٹیم کے تئیں ورون کا عزم اور لڑنے کا جذبہ قابل ستائش ہے۔ اتوار کو دہلی کیپٹلس کے خلاف کے کے آر کے آخری لیگ میچ کے بعد، رہانے نے کہا کہ ورون کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ میڈیکل ٹیم سے مشاورت کے بعد کیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے پر کے کے آر کے فزیو، بی سی سی آئی کی این سی اے ٹیم اور ہندوستانی ٹیم کے طبی عملے کے درمیان تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
رہانے نے کہا، میں طبی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا۔ میرا کام کھلاڑی کی ذہنی حالت کا اندازہ لگانا ہے، آیا وہ کھیلنے کے لیے تیار ہے یانہیں اور اس میں کیا خطرہ ہے۔ فزیو نے محسوس کیا کہ کھیلنے سے ورون کی چوٹ میں اضافہ نہیں ہوگا۔ ورون چکرورتی 3 مئی کو حیدرآباد میں میچ کے دوران اس وقت زخمی ہو گئے تھے جب ایشان کشن کی سیدھی گیند ان کے بوٹ میں لگی تھی۔ اس سے اس کے بائیں پیر کی انگلی ٹوٹ گئی۔ آئی پی ایل 2026 میں یہ ان کا تیسرا فریکچر تھا، اس سے قبل دو انگلیاں زخمی ہو چکی تھیں۔
رہانے نے کہا کہ اتنی سنگین چوٹ کے باوجود ورون ٹیم کے لیے مسلسل کھیلنے کے لیے تیار تھے۔
انہوں نے کہا، سارا کریڈٹ ورون کو ہے۔ اس طرح کی چوٹ کے باوجود بھی، ایک کھلاڑی کا کھیلنے پر آمادگی ظاہر کرتی ہے کہ ٹیم اس کے لیے کتنی اہمیت رکھتی ہے۔ وہ کھیلنے کے لیے پوری طرح تیار تھے۔ انہوں نے مزید کہا، ہمیں اسے ایک میچ میں آرام دینا پڑا کیونکہ درد بہت زیادہ تھا، لیکن ورون نے پھر بھی اصرار کیا کہ وہ کھیل سکتے ہیں۔ جب کوئی کھلاڑی کھیلنے کی خواہش کا اظہار کرتا ہے تو یہ ٹیم اور فزیوز کے لیے ایک مثبت اشارہ ہوتاہے۔
میں کبھی پیچھے ہٹنے والوں میں نہیں رہا: رہانے
رہانے نے سیزن کے دوران کے کے آرکے ہار اور ان کی کپتانی پر اٹھنے والے سوالات کے بارے میں بھی کھل کر بات کی۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ کپتانی سے دستبردار ہونے کا خیال ان کے ذہن میں کبھی نہیں آیا۔ رہانے نے کہا، میں نے ہمیشہ مثبت سوچ کے ساتھ کرکٹ کھیلی ہے۔ میرا ماننا ہے کہ جب ٹیم مشکل میں ہوتی ہے، اسی وقت آپ کے کردار کا صحیح معنوں میں امتحان ہوتا ہے۔ ہر کھلاڑی پر دباو ہوتا ہے، لیکن یہ ضروری ہے کہ گھبرائیں نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیریز کی شکستوں کے باوجود ٹیم نے ہمت نہیں ہاری اور یہی کے کے آر کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ رہانے نے کہا، ہمارے لیے سب سے اہم چیز موجودہ حالات میں اپنے آپ کو برقراررکھنا تھا۔ کرکٹ میں حالات کسی بھی وقت بدل سکتے ہیں۔ میں کبھی پیچھے ہٹنے والا نہیں رہاا ور کپتانی چھوڑنے کا خیال میرے ذہن میں کبھی نہیں آیا۔
ہندوستانی گیند بازوں پر بھروسہ کرنا درست فیصلہ تھا
رہانے نے یہ بھی کہا کہ سیزن کے دوران کئی تیز گیند باز زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے ہندوستانی گیند بازوں پر اپنا اعتماد برقرار رکھا، جس کا بعد میں ٹیم کو فائدہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ میں ہندوستانی گیند بازوں کو وقت دینا چاہتا تھا۔ مجھے یقین تھا کہ اگر ہم نے ان کا ساتھ دیا تو وہ دباؤ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ ہم نے ابتدائی میچوں میں کچھ مواقع گنوائے لیکن جس طرح ٹیم نے واپسی کی مجھے اس پر فخر ہے۔
کے کے آر اپنا آخری لیگ میچ دہلی کیپٹلس کے خلاف 40 رنوںسے ہارگیا۔ اس شکست کے ساتھ ہی کے کے آرنے اپنی آئی پی ایل 2026 کی مہم 13 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ختم کی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی