
پنجاب کے بلدیاتی انتخابات ای وی ایم سے کرانے کامطالبہ، سپریم کورٹ کا سماعت سے انکار
نئی دہلی، 25 مئی (ہ س)۔ سپریم کورٹ نے پنجاب کے بلدیاتی انتخابات ای وی ایم سے کرانے کی درخواست پر سماعت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت کی قیادت والی بنچ نے کہا کہ آپ عدالت میں بہت دیر سے آئے ہیں، ہم اس وقت انتخابات میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے۔
عدالت نے انتخابات کے لیے مشاہدین کو مقرر کرنے کی درخواست بھی مسترد کر دی۔ درخواست روچیتا گرگ نے دائر کی تھی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ریاستی الیکشن کمیشن پنجاب میں بلدیاتی اداروں کے انتخابات میں سپریم کورٹ کے اے ڈی آر کیس میں ای وی ایم کے ذریعے انتخابات کرانے کے حکم کے باوجود بیلٹ پیپرز کا استعمال کر رہا ہے۔
عرضی گزار نے پہلے پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی تھی۔ پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ نے ریاستی الیکشن کمیشن کے فیصلے میں مداخلت کرنے سے انکار کر دیا۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے ہائی کورٹ میں دلیل دی کہ مرکزی الیکشن کمیشن نے وقت پر ای وی ایم فراہم نہیں کیے تھے، جس کی وجہ سے اسے بیلٹ پیپر کے ذریعے انتخابات کرانے پر مجبور کیا گیا۔ ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ پنجاب میں آٹھ بلدیاتی اداروں سمیت 104 بلدیاتی اداروں کے انتخابات 26 مئی کو ہوں گے، ووٹوں کی گنتی 29 مئی کو ہوگی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی