
اے ایم یو ملاپورم سنٹر میں انٹیگریٹیڈ ٹیچر ایجوکیشن پروگرام پر بین الاقوامی سیمینار منعقد
علی گڑھ، 25 مئی (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ملاپورم سنٹر میں شعبہ تعلیم کی جانب سے ”انٹیگریٹیڈ ٹیچر ایجوکیشن پروگرام: امکانات، چیلنجز اور عالمی تناظر“ کے موضوع پر ایک روزہ بین الاقوامی سیمینار، ہائیبرڈ موڈ میں منعقد کیا گیا۔
افتتاحی اجلاس کی صدارت علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ملاپورم سنٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر ایم شاہ الحمید نے کی۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی، جبکہ اے ایم یو مراکز کے کوآرڈنیٹر پروفیسر محمد طارق اور شعبہ تعلیم،اے ایم یو کی پروفیسر گنجن دوبے آن لائن بطور مہمانانِ اعزازی شریک ہوئے۔
پروفیسر نکہت نسرین، صدر شعبہ تعلیم، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی؛ ڈاکٹر سہیلہ بنت حسین، ڈین، فیکلٹی آف ایجوکیشن، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ملیشیا؛ اور پروفیسر سری کلا ای، ڈین، اسکول آف ایجوکیشن، پونڈیچیری یونیورسٹی نے کلیدی خطبات پیش کیے۔ مقررین نے انٹیگریٹڈ ٹیچر ایجوکیشن پروگرام کے نفاذ میں درپیش مسائل، اساتذہ کی تعلیم کے عالمی تناظرات، اور قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے مطابق عملی، ہنر پر مبنی اور جامع اصلاحات کی ضرورت پر گفتگو کی۔
اس نشست میں سات متوازی علمی نشستیں منعقد ہوئیں۔ سیمینار میں 30 یونیورسٹیز سے شرکاء شامل ہوئے اور اساتذہ کی تعلیم اور انٹیگریٹیڈ ٹیچر ایجوکیشن پروگرام سے متعلق مختلف موضوعات پر 82 تحقیقی مقالات پیش کیے گئے۔
اس سے قبل پروگرام کا آغاز سیمینار کے کنوینر ڈاکٹر فیروز احمد کے خطبہ استقبالیہ سے ہوا۔ ڈاکٹر عبدالباسط پی پی، ڈاکٹر صدف جعفری اور ڈاکٹر بی قمرالدین کے نے بھی خطاب کیا۔ اختتامی اجلاس میں پروفیسر نکہت نسرین نے آن لائن مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ نشست کا اختتام علمی مباحث کے جائزے، شرکاء کے تاثرات اور پروفیسر ایم شاہ الحمید کے خطاب کے ساتھ ہوا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ