
حیدرآباد، 25 مئی (ہ س)۔نائب وزیراعلی بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے انتخابات کے موقع پر عوام سے جو وعدے کئے تھے ان کی تکمیل کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ گزشتہ ڈھائی برسوں میں کئی اہم وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے غریبوں کی زندگی میں خوشحالی پیدا کی گئی۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ 2 جون کو یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر اندراماں انشورنس اسکیم کا آغاز کیاجائے گا۔ مذہب اور ذات پات سے بالاتر ہوکر ریاست میں 15 لاکھ غریب خاندانوں کو اندراماں انشورنس کے تحت تحفظ فراہم کیاجائےگا۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ بی آر ایس دور حکومت میں خودکشی کرنے والے کسانوں کے پسماندگان کو ایک لاکھ روپے کی امداد کے لئے دفاترکے چکر کاٹنے پڑے پھر بھی امداد جاری نہیں کی گئی۔ غریبوں کو اس طرح کی صورتحال سے بچانے کے لئے حکومت نے انشورنس اسکیم متعارف کی ہے اور ہرگھر میں 5 لاکھ روپے کاانشورنس فراہم کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ عہدیدار جلد ہی ہرگھر پہنچ کر تفصیلات حاصل کریں گے۔ نائب وزیراعلی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے خواتین کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کے لئے انہیں صنعت کار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 27 مئی کو کھمم کے مدھیرا اسمبلی حلقہ میں خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کو سولار پاور پلانٹس الاٹ کرنے کی اسکیم کا آغاز ہوگا۔ خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کو ہر سال 20 ہزار کروڑ بلاسودی قرض فراہم کیا جارہا ہے۔ ضرورت پڑنے پر قرض کی رقم میں اضافہ کرتے ہوئے ایک لاکھ کروڑ کیاجائے گا۔اندراماں ہاوزنگ اسکیم کے تحت ریاست بھر میں 4.50 لاکھ مکانات منظور کئے گئے اور مکان کی تعمیر کے لئے 5 لاکھ کی امداد دی جارہی ہے۔ کابینہ کے اجلاس میں مزید 2 لاکھ مکانات کی منظوری دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو جھونپڑیوں سے پاک ریاست میں تبدیل کیا جائے گا۔ اسکولوں کی طرح جونیر کالجس میں بریک فاسٹ اور میڈ ڈے میل اسکیم متعارف کی جارہی ہے۔انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کی اور کہاکہ حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کو برداشت نہ کرتے ہوئے مہم چلائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کا کوئی بھی گھر حکومت کی اسکیمات کے فوائد سے محروم نہیں رہے گا۔ بھٹی وکرامارکا نے کھمم ضلع میں پرجاپالنا پروگرام کے تحت مختلف ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق