
جموں, 25 مئی (ہ س)جموں و کشمیر کی باغبانی تجارت کو فروغ دینے کے مقصد سے بھارتی ریلوے نے سیزن کی پہلی خصوصی چیری پارسل وین سروس شروع کر دی ہے، جس کے ذریعے تازہ چیری ریکارڈ وقت میں جموں سے ممبئی پہنچائی جائیں گی۔
حکام کے مطابق چیری سے بھری پہلی خصوصی پارسل وین پیر کی صبح جموں توی ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہوگی۔ اس پارسل وین میں تقریباً 12 ٹن اعلیٰ معیار کی چیریاں، جو قریب 966 ڈبوں میں پیک کی گئی ہیں، ہفتہ کے روز لوڈ کی گئیں۔
ریلوے حکام نے بتایا کہ یہ پارسل وین ٹرین نمبر 19028 جموں توی–باندرہ ٹرمینس وویک ایکسپریس کے ساتھ منسلک کی جائے گی۔حکام کے مطابق چیریاں تقریباً 33 گھنٹوں میں باندرہ ٹرمینس ممبئی پہنچ جائیں گی، جس سے اس نازک پھل کی تازگی اور معیار برقرار رہے گا۔
سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر جموں، اُچت سنگھل نے کہا کہ بھارتی ریلوے جموں و کشمیر کے باغبانوں کو بہتر منڈی اور مناسب قیمت دلانے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا، چیری ایک انتہائی نازک پھل ہے اور اسے کم وقت میں منڈی تک پہنچانا بڑا چیلنج ہوتا ہے۔ اس مقصد کے لیے خصوصی لاجسٹک انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس سیزن میں تاجروں کی ہر ضرورت پوری کرنے کے لیے ہمارے پاس کافی تعداد میں پارسل وین اور دیگر وسائل موجود ہیں۔
حکام نے بتایا کہ اس اقدام سے خطے کے باغبانوں اور تاجروں میں کافی جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق جموں اور شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا ریلوے اسٹیشنوں سے چیری کی نقل و حمل کے لیے اب تک 28 وی پی انڈینٹس موصول ہو چکے ہیں۔
اُچت سنگھل نے مزید کہا کہ خصوصی پارسل وین کے علاوہ معمول کی ٹرینوں میں دستیاب ایس ایل آر کوچ سہولت کے ذریعے بھی کم مقدار میں چیری کی ترسیل جاری رہے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ریلوے کی موجودہ سہولیات کے ذریعے اب تک تقریباً 18 ٹن چیری ممبئی منتقل کی جا چکی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ تیز رفتار اور مقررہ وقت والی پارسل سروس نہ صرف ٹرانزٹ وقت کم کرے گی بلکہ پھلوں کے نقصان میں بھی کمی لائے گی اور جموں و کشمیر کی باغبانی پیداوار کو ملک بھر کی منڈیوں سے مضبوط طور پر جوڑے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر