
دھولیہ، 25 مئی (ہ س)۔ مہاراشٹر کے دھولیہ–ممبئی–آگرہ قومی شاہراہ پر پیر کی علی الصبح پیش آنے والے ایک ہولناک سڑک حادثے میں کم از کم 6 افراد جان بحق جبکہ 26 دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ دردناک حادثہ لالنگ گھاٹ علاقے میں پیش آیا، جہاں تین گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں اور پورا علاقہ چیخ و پکار سے گونج اٹھا۔ حادثے کے تمام زخمیوں کو فوری طور پر دھولیہ کے بھاؤ صاحب ہیرے گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ریت سے بھرا ایک ڈمپر مبینہ طور پر غلط سمت سے ہائی وے پر داخل ہو گیا۔ رات تقریباً تین بجے لالنگ گھاٹ کے مقام پر پہلے ہی ٹریفک کی سست رفتار صورتحال موجود تھی، اسی دوران مخالف سمت سے آنے والے ڈمپر نے شراب سے لدے ایک ٹرک کو زور دار ٹکر مار دی۔شدید تصادم کے فوراً بعد ٹول پلازہ ملازمین اور مقامی شہری زخمیوں کی مدد کے لیے موقع پر پہنچ گئے۔ لوگ تباہ شدہ گاڑیوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کی کوشش کر رہے تھے کہ اسی دوران ایک اور بڑا حادثہ پیش آ گیا۔
اطلاعات کے مطابق ممبئی سے اندور جانے والی ایک لگژری مسافر بس تیز رفتاری کے عالم میں پیچھے سے آ کر شراب بردار ٹرک سے جا ٹکرائی۔ اس دوسرے تصادم نے صورتحال کو مزید خوفناک بنا دیا۔حادثے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ امدادی کارروائیوں میں مصروف دو افراد بھی اس کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئے۔ اس واقعے کے بعد پورے علاقے میں شدید خوف و ہراس اور افراتفری پھیل گئی جبکہ ہائی وے پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ موہاڈی پولیس، لالنگ ٹول پلازہ کے عملے اور مقامی شہریوں نے مشترکہ طور پر زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کرنے کا کام انجام دیا۔ ذرائع کے مطابق زخمیوں کی مدد کے لیے دوڑنے والے بعض ٹول ملازمین بھی اس حادثے میں زخمی ہوئے۔ واقعے کے خلاف ناراض ٹول ملازمین نے بعد میں احتجاج کرتے ہوئے کچھ وقت کے لیے ہائی وے بند کر دیا، جس کے باعث ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔
پولیس کے مطابق حادثے میں جان بحق ہونے والوں میں لگژری بس کے ڈرائیور جاوید خان (43)، جو مدھیہ پردیش کے بروانی کے رہنے والے تھے، مالیگاؤں کے ٹوکرے علاقے کے رہائشی منوج نروال (32)، جو امدادی کام کے لیے رکے تھے، اور دھولیہ کے ہٹکروادی علاقے کے ٹول ملازم گنیش ہیرامن تھورات (35) شامل ہیں۔ دیگر تین مہلوکین کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔حادثے میں زخمی ہونے والوں میں سوربھی مہاجن، شیوائے مہاجن، دیپک والکے، سپنا مہاجن، انیتا والکے، وجے سنگھ، تبریز انصاری، سپنا دیوان، عمران خان، بھاونا ہٹکر، حسینہ، سمن سید، شکیلہ سید، سید ایوب، شیلیش اکیا، زیب علی، مسکان خان، انیل ورما، اروند جین، اجے کمار، سعید محمد، انکیت راجپوت، ابھیجیت آپٹے، کنک سونی اور سنگیتا سونی سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔
موہاڈی پولیس نے پورے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے اور حادثے کی اصل وجوہات معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ابتدائی طور پر غلط سمت سے آنے والے ڈمپر کو حادثے کی بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے