
علی گڑھ، 25 مئی (ہ س)۔
بار کونسل آف انڈیا (بی سی آئی) نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے رجسٹرار اور شعبۂ قانون کے ڈین کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرتے ہوئے بی اے ایل ایل بی (آنرس) کورس اور سیٹوں میں اضافے کے معاملے پر وضاحت طلب کی ہے۔
بی سی آئی کے مطابق یونیورسٹی کو پانچ سالہ بی اے ایل ایل بی کورس کی منظوری دی گئی تھی، جبکہ بی اے ایل ایل بی (آنرس) کورس کے لیے الگ منظوری کا ریکارڈ موجود نہیں ہے۔ اسی کے ساتھ طلبہ کی حاضری اور سیٹوں میں 120 سے بڑھا کر 180 کرنے سے متعلق معلومات بھی طلب کی گئی ہیں۔
اس سلسلے میں ڈین پروفیسر شکیل احمد نے کہا کہ انہیں اب تک کوئی وجہ بتاؤ نوٹس موصول نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بار کونسل آف انڈیا کی جانب سے جو معلومات طلب کی گئی ہیں، وہ فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق اس وقت شعبۂ قانون میں 172 سیٹیں ہیں، جبکہ پہلے 120 سیٹیں تھیں اور 1997 سے بی اے ایل ایل بی (آنرس) کی تعلیم دی جا رہی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ