
سلطان پور، 25 مئی (ہ س)۔ اترپردیش میں سلطان پور ضلع کے بندھوا کلاں تھانہ علاقے میں علی گنج چوکی کے قریب پیر کو ایک تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل سوار باپ -بیٹے کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں دونوں ہلاک ہوگئے۔
کڑوار تھانہ علاقہ کے بہمر پور کے رہنے والے راجا رام پرجاپتی (50) اور ان کا بیٹا سکندر پرجاپتی (25) پیر کی صبح اپنے رشتہ دار کے گھر سے گھرواپس آ رہے تھے۔ جب وہ بندھوا کلاں تھانہ علاقے میں علی گنج چوکی کے تحت ہکوا موڑ کے قریب پہنچے تو سامنے سے آنے والی ایک تیز رفتار کار نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں زخمی ہونے والے دونوں افراد کو مقامی شہریوں نے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر مسافرخانہ پہنچایا۔ حالت تشویشناک ہونے پر انہیں سلطان پور میڈیکل کالج ریفر کیا گیا جہاں دونوں کی موت ہوگئی۔ حادثے کے بعد کار میں سوار افراد کار چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
متوفی راجا رام پرجاپتی مستری کا کام کرتا تھا لیکن ان دنوں طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے گھر پر ہی رہتا تھا۔ اس کا بیٹا سکندر سورت میں ایک پرائیویٹ ملازمت کرتا تھا۔ وہ ایک ماہ قبل چھٹی پر گھر آیا تھا۔
اسٹیشن انچارج پرمود نے بتایا کہ سڑک حادثہ میں باپ بیٹے کی موت ہوگئی۔ جاں بحق افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ حادثے میں ملوث کار کو تحویل میں لے کر تھانے لایا گیا ہے۔ گاڑی کے مالک کی شناخت کے لیے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد