
حیدرآباد، 24 مئی (ہ س)۔ریاستی وزیراطلاعات وتعلقات عامہ پی سرینواس ریڈی نے کہاکہ اندراماں مکانات کے دوسرے مرحلے کو کابینہ کے اجلاس میں منظوری دے دی گئی ہے جس کے تحت ریاست بھر میں 2 لاکھ 50 ہزار غریب خاندانوں کے لئے مکانات تعمیر کئے جائیں گے اورہر اسمبلی حلقہ کو 2 ہزارمکانات الاٹ کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کی صدارت میں سکریٹریٹ میں منعقد ہونے والے کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ حکومت نے ادھورے رہ جانے والے مکانات کو بھی مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں بنیادیں مکمل ہونے پر3 لاکھ روپے اور دیواریں تعمیر ہونے پرسلاب کےلئے 2 لاکھ روپے فراہم کئے جائیں گے۔ اس مقصد کےلئے ہراسمبلی حلقے کو 500 مکانات کے لئے فنڈس دیئے جائیں گے۔ پہلے مرحلے کے تحت 2 جون تک ایک لاکھ مکانات کی تعمیرات شروع ہو جائے گی جبکہ یکم جون کو ضلع کمرم بھیم کے آصف آباد میں واقع کیرامیری کے قبائیلیوں کے لئے تعمیر کئےگئے28 مکانات کا فتتاح کیا جائے گا۔ کابینہ نے حیدرآباد میں میٹرو پولیٹن علاقے کے 24 اسمبلی حلقوں میں کم آمدنی والے گروپس کے لئے ایک لاکھ مکانات کی تعمیر اور ریاست بھر میں سروے کے ذریعہ نشاندہی کردہ 15,000 جھونپڑی میں رہنے والے خاندانوں کو فوری اندراماں مکانات کے پٹہ جات دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ تلنگانہ کوجھونپڑیوں سے پاک ماڈل ریاست بنایا جاسکے۔ دفاعی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں کابینہ نے ضلع کریم نگر میں آسام رائفلز، بی ایس ایف اور سی ایس آئی ایف کے گروپ سنٹرس قائم کرنے کے لئے 14 ایکڑ اراضی الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گوداوری پشکرم کے ترقیاتی کاموں کے لئے 1000 کروڑ روپے کی منظوری دیتے ہوئے 300 کروڑ روپے فوری جاری کرنے کا حکم دیا۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق