
حیدرآباد ، 24 مئی (ہ س)۔
ریاستی وزیرآئی ٹی و صنعت ڈی سریدھربابو نے اپوزیشن پارٹی بی آرایس پرشدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ کانگریس حکومت کے ترقیاتی کاموں میں مسلسل رکاوٹیں پیدا کرتے ہوئے بلیک میلنگ کی سیاست کررہی ہے ۔ آج اسمبلی میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سریدھر بابو نے بی آرایس قائدین کے رویے پر برہمی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس حکومت کی تشکیل کے پہلے ہی دن سے بی آرایس کے قائدین بغیرکسی جواز کے تنقید کررہے ہیں اورانہوں نے محض تنقید برائے تنقید کیا ہے ۔ سابق وزیر ٹی ہریش راؤ کے حالیہ تبصرے بی ار ایس کو اقتدارحاصل ہوتے ہی فیوچرسٹی پروجیکٹ کو منسوخ کردینے پرڈی سریدھر بابو نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہریش راؤ کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے ۔ انہوں نے ہریش راؤ کوچیلنج کیا کہ وہ کھل کر یہ واضح کریں کہ آیا وہ واقعی ریاست کی ترقی چاہتے ہیں یا نہیں ۔ ڈی سریدھر بابو نے اپوزیشن کے رویے کو تلنگانہ کے نوجوانوں کے مستقبل کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب بھی حکومت نوجوانوں کو بڑے پیمانے پرروزگارفراہم کرنے کا کوئی منصوبہ بناتی ہے۔ بی آرایس اس میں رکاوٹیں پیدا کرتی ہے۔ انہوں نے حیدرآباد اور سکندرآباد کے جڑواں شہروں میں میٹرو ریل نیٹ ورک کی توسیع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میٹرو کو شمس آباد ایرپورٹ تک وسعت دینے پر سنجیدگی سے کام کررہی ہے ۔ لیکن بی آر ایس اس اہم ترین پبلک ٹرانسپورٹ پروجیکٹ کی راہ میں مسلسل رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کررہی ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق