پونے سے برآمد ہوئی اغوا شدہ لڑکی، کلیدی ملزم گرفتار
کشن گنج، 24 مئی (ہ س)۔ کشن گنج پولیس نے مہاراشٹر کے پونے سے ایک نابالغ لڑکی کو بحفاظت بازیاب کر لیا ہے جسے شہر کے چیتن ٹولہ وارڈ نمبر 19 سے اغوا کیا گیا تھا۔ پولیس نے اس معاملے میں ایک ملزم کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ ہفتہ کے روز پولیس کی ایک ٹیم ناب
پونے سے برآمد ہوئی اغوا شدہ لڑکی، کلیدی ملزم گرفتار


کشن گنج، 24 مئی (ہ س)۔ کشن گنج پولیس نے مہاراشٹر کے پونے سے ایک نابالغ لڑکی کو بحفاظت بازیاب کر لیا ہے جسے شہر کے چیتن ٹولہ وارڈ نمبر 19 سے اغوا کیا گیا تھا۔ پولیس نے اس معاملے میں ایک ملزم کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ ہفتہ کے روز پولیس کی ایک ٹیم نابالغ اور ملزم کے ساتھ کشن گنج پہنچی۔

گرفتار ملزم کی شناخت راکیش چتوریا کے طور پر کی گئی ہے، جو جام نگر روڈ، بھوساول، جلگاؤں ضلع، مہاراشٹر کا رہنے والا ہے۔ پولیس کے مطابق متاثر ہ کا تعلق بنجارہ برادری سے ہے۔ معلومات کے مطابق یہ واقعہ 7 مئی کو پیش آیا۔ متاثرہ کی تحریری شکایت پر مقدمہ نمبر 489/26 ٹاؤن تھانہ میں درج کیا گیا۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ یہ خاندان 6 مئی کو گوہاٹی سے کشن گنج پہنچا تھا اور رات بھر شہر کی ایک خالی جگہ پر ڈیرے ڈالے ہوئے تھا۔ الزام ہے کہ 7 مئی کی صبح تقریباً 2 بجے سات سے آٹھ بدمعاشوں نے سوئے ہوئے خاندان پر حملہ کیا۔ بدمعاش خاندان کی دو نابالغ لڑکیوں کو زبردستی سفید بولیرو گاڑی میں بٹھا کر اپنے ساتھ لے گئے۔ واردات کے دوران ملزمین نے اہل خانہ کے بیگ سے تقریباً دو لاکھ روپے نقدی، سونے چاندی کے زیورات اور دیگر سامان بھی لوٹ لیا۔ واقعہ سے علاقے میں کہرام مچ گیا۔

پولیس نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے سائنسی تحقیق اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کا آغاز کیا۔ تفتیش کے دوران پولیس کو اطلاع ملی کہ ملزم نابالغ لڑکی کے ساتھ مہاراشٹر کے پونے میں چھپا ہوا ہے۔ اس کے بعد کشن گنج پولیس کی ایک خصوصی ٹیم مہاراشٹر کے لیے روانہ ہوئی۔ مقامی پولیس کے تعاون سے چھاپہ ماری کی گئی اور نابالغ لڑکی کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا اور کلیدی ملزم راکیش چتوریا کو گرفتار کرلیا گیا۔ اتوار کے روز پولیس نے اعلان کیا کہ اس معاملے میں دیگر ملزمین کی گرفتاری کے لیے چھاپہ ماری کی جارہی ہے ۔ بازیاب ہونے والی لڑکی کے طبی معائنے کے بعد مزید قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan


 rajesh pande