
تاریخ کے آئینے میں 16 مئی: ہندوستانی سیاست میں اٹل بہاری واجپئی کی پہلی مدتِ کار اور اقتدار کی جدوجہد کا تاریخی موڑ
ہندوستان کی سیاسی تاریخ میں 16 مئی کا دن ایک اہم موڑ کے طور پر درج ہے، جب سال 1996 کے عام انتخابات کے بعد ملک میں اقتدار کا نیا باب شروع ہوا۔ ان انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 161 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری اور حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا۔ اسی سلسلے میں 16 مئی 1996 کو سینئر رہنما اٹل بہاری واجپئی نے پہلی بار وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیا۔ تاہم یہ حکومت اکثریت ثابت نہ کر سکی اور محض 13 دنوں میں گر گئی۔ یہ ہندوستانی پارلیمنٹ کی تاریخ میں کسی وزیر اعظم کا مختصر ترین دور سمجھا جاتا ہے۔
اس کے بعد 1998 میں وسط مدتی انتخابات ہوئے، جس میں ایک بار پھر بی جے پی سب سے بڑی پارٹی اور این ڈی اے سب سے بڑا اتحاد بن کر ابھرا۔ اس عوامی مینڈیٹ کے بعد اٹل بہاری واجپئی نے 19 مارچ 1998 کو دوسری بار وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ لیکن یہ حکومت بھی زیادہ عرصے تک مستحکم نہ رہ سکی اور تقریباً 13 ماہ بعد انہیں استعفیٰ دینا پڑا۔
سیاسی عدم استحکام کے درمیان 1999 میں ایک بار پھر ملک کو وسط مدتی انتخابات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان انتخابات میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) نے 303 نشستوں کے ساتھ واضح اکثریت حاصل کی اور اقتدار میں واپسی کی۔ اس کے بعد واجپئی نے 10 اکتوبر 1999 کو تیسری بار وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھایا۔
دیگر اہم واقعات:
1911 - کلکتہ (اب کولکاتا) میں بنے تلا واٹر ٹینک کی تعمیر مکمل ہوئی۔ اسے اس وقت دنیا کا سب سے بڑا اوور ہیڈ واٹر ٹینک کہا گیا تھا۔
1920 - فرانسیسی مجاہدِ آزادی، سپہ سالار جون آف آرک کو ’سنت‘ کا خطاب دیا گیا۔
1943 - وارسا میں یہودی بستیوں میں جاری لڑائی ختم ہو گئی۔ پولیس اور کمانڈو دستوں نے 19 اپریل کو ان بستیوں میں داخلہ لیا تھا۔
1960 - ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان بین الاقوامی ٹیلیکس سروس کا آغاز۔
1974 - اسرائیلی جنگی طیاروں نے سات فلسطینی پناہ گزین کیمپوں اور جنوبی لبنان کے گاوں پر بم برسائے۔ ان حملوں میں 27 افراد ہلاک اور 138 دیگر زخمی ہوئے۔
1975 - سکم کو 22 ویں ریاست کے طور پر ہندوستانی یونین میں شامل کیا گیا۔
1999 - سارک کی 2002 میں ہونے والی سربراہی کانفرنس تھمپو میں کرانے کا اعلان۔
2004 - ٹینس کھلاڑی راجر فیڈرر نے ہیمبرگ ماسٹرز خطاب جیتا۔
2006 - ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد نومی واٹس کو اقوامِ متحدہ کے ادارے کا سفیر بنایا گیا۔
2008 - سپریم کورٹ نے مرکزی تعلیمی اداروں کے پوسٹ گریجویٹ کورسز میں 27 فیصد او بی سی کوٹہ پر روک کے کولکاتا ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا۔
2008 - وزیراعظم منموہن سنگھ بھوٹان کے دو روزہ دورے پر تھمپو پہنچے۔
2010 - سلطان اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں بارش کی وجہ سے میچ نہ ہونے پر سابقہ فاتح ہندوستان اور جنوبی کوریا کو مشترکہ فاتح قرار دیا گیا۔
2013 - امریکی سائنسدانوں کو پہلی بار کلون کیے گئے انسانی جنین سے اسٹیم سیل نکالنے میں کامیابی ملی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن