
گواہاٹی، یکم ،مئی (ہ س) ۔ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے منی پور میں 2023 کے سب ڈویڑنل پولیس آفیسر (ایس ڈی پی او) چنگتھم آنند کمار سنگھ کے قتل کے ایک اہم ملزم کو گرفتار کیا ہے۔
این آئی اے کی طرف سے آج جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، ملزم اوتکھوتھنگ بائٹ، جو منی پور کے ٹینگناوپال ضلع کے مورہ کا رہنے والا ہے، 31 اکتوبر 2023 کو مشتبہ کوکی عسکریت پسندوں کے ذریعہ کھیل کے میدان میں ضلع پولیس کی ٹیم پر حملہ کرنے کی سازش میں ملوث تھا۔ یہ واقعہ ریاست میں نسلی تشدد کے عروج کے دوران پیش آیا۔
حملے کے دوران عسکریت پسندوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کی جس میں ایس ڈی پی او سنگھ کے پیٹ میں گولی لگی اور بعد میں ان کی موت ہو گئی۔ یہ کیس سب سے پہلے مورہ پولیس نے درج کیا تھا، جسے مارچ 2024 میں این آئی اے نے اپنے قبضے میں لیا تھا۔
تحقیقات کے دوران این آئی اے کو پتہ چلا کہ اس حملے کی سازش منی پور میں دہشت پھیلانے کے مقصد سے رچی گئی تھی۔ اس ماہ کے آغاز میں این آئی اے نے اس معاملے میں ایک اور ملزم کامگینتھانگ گنگٹے کو بھی گرفتار کیا تھا۔ کیس (آرسی-02/2024/این آئی اے/آئی ایم پی) کی تحقیقات جاری ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی