
میڈرڈ،09اپریل (ہ س )۔
اسپین نے ایران میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کا اعلان کر دیا۔اسپین کے وزیرِ خارجہ جوز مانوئل الباریس نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے تہران میں اپنے سفیر کو ہدایت دی ہے کہ تہران جا کر اپنی ذمہ داریا ں سنبھالیں اور سفارت خانہ دوبارہ فعال کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ اسپین ہر ممکن طریقے سے امن کی کوششوں میں شامل ہونا چاہتا ہے۔واضح رہے کہ ایرانی دارالحکومت تہران میں مسلسل امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں کے پیشِ نظر اسپین نے اپنے سفارت خانے کے عملے کو واپس بلا لیا تھا۔ ایرانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ابراہیم ذوالفقاری نے کہا ہے کہ ملک اب بھی حالتِ جنگ میں ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگ بندی مذاکرات ایرانی قوم کی فتح ہیں، ایران نے دشمن کو اپنی شرائط پر جنگ بندی قبول کرنے پر مجبور کیا۔ترجمان ایرانی فوج لیفٹیننٹ کرنل ابراہیم ذوالفقاری کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے خود کو ناقابلِ اعتماد ثابت کیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے جوہری مذاکرات میں بھی ظاہر کیا کہ اس پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔
واضح رہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان 40 دن تک جاری رہنے والی جنگ کے بعد 2 ہفتوں کی عارضی جنگ بندی طے پا گئی ہے جس کے تحت امریکہ اور اسرائیل ایران پر حملے روکیں گے جبکہ تہران آبنائے ہرمز کو دوبارہ بحری آمد و رفت کے لیے کھول دے گا۔
ہندوستھان ساچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ