
نئی دہلی، 09 اپریل (ہ س)۔ گجرات ٹائٹنز اور دہلی کیپٹلز کے درمیان کھیلا گیا آئی پی ایل 2026 کا مقابلہ تاریخ کے سب سے دلچسپ میچوں میں شمار ہو گیا، جس میں گجرات نے محض ایک رن سے جیت درج کی۔ ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا، جب کلدیپ یادو رن آوٹ ہو گئے اور دہلی کی جیت کی امید ٹوٹ گئی۔
211 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے دہلی کا آغاز شاندار رہا۔ پتھم نسانکا نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے پاور پلے میں تیزی سے رن جوڑے۔ جبکہ کے ایل راہل نے بہترین لے میں بلے بازی کرتے ہوئے 52 گیندوں میں 92 رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ راہل نے 11 چوکے اور 04 چھکے لگا کر ٹیم کو جیت کے قریب پہنچا دیا تھا۔
تاہم، میچ کا رخ تب بدلا جب راشد خان نے اپنے اسپیل میں شاندار گیندبازی کرتے ہوئے لگاتار وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے مڈل اوورز میں دہلی کی رن بنانے کی رفتار پر بریک لگایا اور اہم بلے بازوں کو پویلین بھیجا۔ اسی دوران انہوں نے اپنے کیریئر کی 1000 ویں وکٹ بھی مکمل کی۔
دوسری طرف، پرسدھ کرشنا نے بھی اہم موقعوں پر وکٹ لے کر ٹیم کو مقابلے میں برقرار رکھا۔ آخری اوور میں ان کی منظم گیندبازی نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
میچ کے ہیرو ڈیوڈ ملر رہے، جنہوں نے زخمی ہونے کے باوجود واپسی کر کے 20 گیندوں میں ناٹ آوٹ 41 رن بنائے۔ آخری اوور میں انہوں نے ٹیم کو جیت کے بے حد قریب پہنچا دیا تھا، لیکن پانچویں گیند پر سنگل لینے سے انکار کرنا فیصلہ کن ثابت ہوا۔
آخری گیند پر 2 رن کی ضرورت تھی، لیکن جوس بٹلر کے درست تھرو نے کلدیپ یادو کو رن آوٹ کر دیا اور گجرات ٹائٹنز نے سانسیں روک دینے والے مقابلے میں جیت حاصل کر لی۔
اس سے پہلے، گجرات نے اپنی اننگز میں چار وکٹ کھو کر 210 رن کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ گجرات کی اننگز کے ہیرو کپتان شبھمن گل رہے، جنہوں نے 45 گیندوں پر 70 رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ جوس بٹلر نے بھی دھماکہ خیز انداز میں 27 گیندوں میں 52 رن بنائے۔ جبکہ مڈل آرڈر میں واشنگٹن سندر نے بھی اہم تعاون دیتے ہوئے نصف سنچری بنائی اور ٹیم کے اسکور کو 200 کے پار پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
دہلی کی جانب سے گیندبازی میں مکیش کمار نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ لونگی اینگیڈی کو ایک کامیابی ملی۔
اس جیت کے ساتھ گجرات نے آئی پی ایل 2026 میں اپنا کھاتہ کھولا، جبکہ دہلی کیپٹلز کو ایک اور قریبی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ مقابلہ طویل عرصے تک کرکٹ شائقین کے ذہنوں میں نقش رہے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن