
نئی دہلی، 9 اپریل (ہ س)۔ سینٹرل آرمڈ پولیس فورس (سی اے پی ایف) کے حاضر سروس اور سابق اہلکاروں کے اہل خانہ نے حال ہی میں منظور شدہ سنٹرل آرمڈ پولیس فورسز (جنرل ایڈمنسٹریشن) بل، (سی اے پی ایف) 2026 کے خلاف جمعرات کو راج گھاٹ پر احتجاج کیا۔مظاہرین نے اس بل کو کالا قانون قرار دیتے ہوئے حکومت سے اسے واپس لینے اور آرگنائزڈ گروپ اے سروس (او جی اے ایس) اور پرانی پینشن اسکیم (او پی ایس)نافذ کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس بل کی مخالفت سی اے پی ایف افسران کے کیریئر کے ممکنہ جمود اور ریاستی اختیارات میں کمی کی وجہ سے ہو رہی ہے۔ بل میںڈی جی اور اسپیشل ڈی جی کے عہدوں پر صرف آئی پی ایس افسران کو ڈیپوٹیشن پر لانے کی تجویز ہے ، جبکہ فورس کے کیڈر کے افسران کے لیے کوئی واضح انتظامات نہیں کیے گئے ہیں۔ اسی طرح اے ڈی جی اور آئی جی کی سطح پر آئی پی ایس افسران کو ترجیح دی گئی ہے۔
یہ بل پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور کر لیا گیاتھا۔ اسے سب سے پہلے یکم اپریل کو راجیہ سبھا میں صوتی ووٹ سے منظور کیا گیا تھا اور پھر اگلے دن لوک سبھا سے منظور کر لیا گیا۔ یہ بل سی آر پی ایف، بی ایس ایف، سی آئی ایس ایف، آئی ٹی بی پی اور ایس ایس بی جیسی فورسز سے متعلق ہے اور ایک بار لاگو ہونے کے بعد، سی اے پی ایف سے متعلق تمام انتظامی اختیارات مرکزی وزارت داخلہ کے پاس ہوں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد