
ٹرمپ نے اتحادی ممالک پر نشانہ سادھا، کہا۔جنگ میں کسی نے مدد نہیں کی
واشنگٹن، 07 اپریل (ہ س)۔ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران جنگ کے حوالے سے اپنے کئی اتحادی ممالک پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی اہم امریکی اتحادیوں نے اس تنازعہ کے دوران کوئی مدد نہیں کی۔ وائٹ ہاوس میں منعقدہ پریس کانفرنس میں ٹرمپ نے کہا، ”جاپان نے ہماری مدد نہیں کی، آسٹریلیا نے مدد نہیں کی، جنوبی کوریا نے مدد نہیں کی اور پھر ناٹو، اس نے بھی کوئی مدد نہیں کی۔“
ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکہ ان ممالک کی حفاظت کے لیے بڑی فوجی موجودگی برقرار رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جاپان میں تقریباً 50,000 امریکی فوجی تعینات ہیں، جو اسے کم جونگ اون کی قیادت والے شمالی کوریا سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ وہیں جنوبی کوریا میں بھی تقریباً 45,000 امریکی فوجی موجود ہیں۔ تاہم، ٹرمپ نے کچھ خلیجی ممالک کی ستائش بھی کی۔
انہوں نے سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، بحرین اور کویت کو ”بہترین“ اتحادی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان ممالک نے حالات کو دیکھتے ہوئے فعال کردار ادا کیا ہے۔ ٹرمپ کے ان بیانات سے امریکہ اور اس کے روایتی اتحادیوں کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آ رہے ہیں، جس سے عالمی سفارت کاری پر اثر پڑ سکتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن