
چنئی، 6 اپریل (ہ س)۔ تمل ٹی وی کی مقبول اداکارہ سبھاشنی کی پراسرار حالات میں موت ہو گئی ہے۔ 36 سالہ سری لنکا نژاد اداکارہ نے چنئی کے ایاپپنتھنگل کے ایک نجی اپارٹمنٹ میں مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ اس واقعے نے ٹی وی انڈسٹری میں ہلچل مچا دی ہے۔ سبھاشنی کو ٹی وی شو کیال میں اپنے اہم کردار کے لیے پہچان ملی۔
پولیس ذرائع کے مطابق اداکارہ کا اپنے شوہر سے 5 اپریل کی رات ویڈیو کال پر جھگڑا ہوا تھا، بتایا جا رہا ہے کہ اس جھگڑے کے بعد ذہنی تناؤ کے باعث انہوں نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور معائنہ کرنے پر معلوم ہوا کہ ان کی موت ہوچکی ہے۔ اس کے بعد پولیس نے ان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ تفتیش جاری ہے، اور پولیس اس معاملہ کے تمام پہلوؤں کی جانچ کر رہی ہے۔
غور طلب ہے کہ سبھاشنی نے اپنے کیرئیر کا آغاز 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم اینی آون سے کیا تھا لیکن انہیں ٹیلی ویژن کے ذریعے پہچان ملی۔ انہوں نے 2023 کی فلم ایلم میلہ اروکیراون پاتھوپن میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ وہ کئی مختصر فلموں اور سماجی بیداری کی مہموں میں بھی شامل رہی ہیں۔ ان کی سالگرہ 12 اپریل کو آتی ہے، جب کہ 21 اپریل کو ان کی شادی کی دوسری سالگرہ ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد