
شملہ، 6 اپریل (ہ س)۔ ہماچل پردیش میں اگلے دو دنوں میں موسم دوبارہ تبدیل ہونے کے آثار ہیں۔ محکمہ موسمیات نے 7 اور 8 اپریل کے لیے کئی اضلاع میں تیز طوفان، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے لیے اورنج اور ایلو الرٹ جاری کیے ہیں۔ اسکے علاوہ 9 اپریل کے لیے ایلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ کے مطابق 12 اپریل تک ریاست کے بیشتر علاقوں میں موسم غیر مستحکم رہنے کی توقع ہے۔
اس سے پہلے کل رات، شدید ژالہ باری نے بالائی شملہ، کلو اور منڈی کے کئی علاقوں کو متاثر کیا، جس سے پھلوں کے درختوں، گندم، سبزیوں اور دیگر فصلوں کو نقصان پہنچا۔ سیب کے باغات کی حفاظت کے لیے لگائے گئے جال بھی کئی مقامات پر ٹوٹ گئے جس سے کاشتکاروں اور باغبانوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔
ریاست کے اونچے پہاڑی علاقوں لاہول اسپیتی، کنور، کلّو اور چمبہ کے پنگی بھرمور میں برف باری کے بعد پیر کی صبح دھوپ کی وجہ سے لوگوں کو کچھ راحت ملی۔ تاہم محکمہ موسمیات نے آج بھی اونچائی والے علاقوں میں ہلکی برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، ایک تازہ مغربی ڈسٹربنس 7 اپریل سے شمال مغربی ہندوستان کو متاثر کرے گا، جس کی وجہ سے ریاست میں گرج چمک، بجلی گرنے اور ژالہ باری کی سرگرمیاں بڑھ سکتی ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں اوسطاً کم سے کم درجہ حرارت میں 0.8 ڈگری سیلسیس کی کمی ہوئی ہے، جب کہ یہ معمول سے تقریباً 2 ڈگری کم رہا، جس کی وجہ سے سردی کا اثر پھر بڑھ گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد