
گوہاٹی (آسام)، 6 اپریل (ہ س)۔ پیر کو نگاؤں ضلع کے راہا میں منعقدہ ایک انتخابی ریلی کے دوران وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ہمنتا بسوا سرما پر سخت حملہ کرتے ہوئے، آسام پردیش کانگریس کمیٹی (اے پی سی سی) کے صدر گورو گوگوئی نے الزام لگایا کہ وزیر اعلیٰ - جو ریاست کے لوگوں کو زمین فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں، نے بیرون ملک اثاثے جمع کیے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کانگریس پارٹی ریاست میں حکومت بناتی ہے تو ہمنتا بسوا سرما کو جیل بھیجا جائے گا۔
گوگوئی نے الزام لگایا کہ جہاں ایک طرف عوام کو 1250 روپئے دیئے جارہے ہیں وہیں دوسری طرف وزیرا علی ہیمنتا بسوا سرما نے ہزاروں بیگھہ زمین خریدی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کانگریس کی حکومت بننے کے بعد گلوکار زوبین گرگ کو 100 دنوں کے اندر انصاف فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ شیام کانو مہانتا اور ہمنتا بسوا سرما کے درمیان تعلقات کی نوعیت کو سامنے لایا جائے گا۔ اپنے والد، سابق وزیر اعلیٰ ترون گوگوئی کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے ریمارک کیا کہ وزیر اعلیٰ کے طور پر اپنے 15 سالہ دور میں، ان کے والد نے مکمل توجہ عوام کی خدمت پر مرکوز رکھی اور کبھی بھی بیرون ملک اثاثے جمع نہیں کیے تھے۔
گوگوئی نے مزید الزام لگایا کہ پسماندہ علاقوں میں اسکولوں کو بند کیا جا رہا ہے، جبکہ ان کی جگہ شراب کی دکانیں کھولی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی حکومت بننے پر ایسی شراب کی دکانیں بند کر دی جائیں گی، اسکول کھولے جائیں گے اور طلباء کے لیے بس سروس کا انتظام کیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ مویشیوں اور کوئلے کے سنڈیکیٹس کے ذریعے حاصل ہونے والی رقوم ڈسپور کے مخصوص حلقوں میں پہنچ رہی ہیں- کانگریس حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد اس معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد