
کاٹھمنڈو، 30 اپریل (ہ س)۔ نیپال کے صدر نے بالیندر سرکار کو جھٹکا دیا ہے۔ 30 اپریل سے طلب کردہ پارلیمنٹ سیشن کے التوا کے درمیان حکومت نے صدر سے ایک ساتھ 6 آرڈیننسوں کو ہری جھنڈی دکھانے کی سفارش کی تھی۔ صدر جمہوریہ رام چندر پوڈیل نے فی الحال تمام آرڈیننس روک لیے ہیں۔ وہ آئینی ماہرین سے مشاورت لینے کے بعد ہی کوئی فیصلہ کریں گے۔ صدر بھون کے مطابق، اس کے لیے آج شام 4 بجے آئینی ماہرین کو شیتل نیواس بلایا گیا ہے۔
یہ آرڈیننس عوامی اداروں میں تقرریوں کو شفاف اور مسابقتی بنانے، جماعتی سیاسی مداخلت ختم کرنے، عوامی تعمیراتی کاموں کو تیز کرنے، کوآپریٹو اداروں کے چھوٹے بچت کنندگان کی رقم واپس دلانے اور زمین، مالپوت (لینڈ ریونیو) اور ناپی (اراضی کی پیمائش) جیسی خدمات کو موثر بنانے کے مقاصد سے متعلق ہیں۔ ان آرڈیننسوں میں آئینی کونسل (کام، فرائض، اختیارات اور طریقہ کار) سے متعلق ایکٹ، 2066 میں ترمیم، کوآپریٹو ایکٹ، 2074 میں ترمیم، یونیورسٹی اور ہیلتھ سائنس اداروں سے متعلق کچھ قوانین میں ترمیم، ماضی میں سیاسی طور پر مقرر کردہ عوامی عہدیداروں کو سبکدوش کرنے کے لیے خصوصی انتظامات، اور پبلک پروکیورمنٹ ایکٹ، 2063 میں ترمیم شامل ہیں۔
صدر کے میڈیا مشیر کرن پوکھریل نے بتایا کہ آئینی کونسل سے متعلق آرڈیننس کی وجہ سے صدر تذبذب میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے پہلے، پارلیمنٹ سے منظور شدہ ایک بل کو بھی صدر نے نظرِ ثانی کے لیے واپس بھیجا تھا۔ آرڈیننس میں یہ تجویز ہے کہ کونسل کے 6 اراکین میں سے 3 اراکین مل کر فیصلہ لے سکتے ہیں۔ جبکہ پہلے صدر نے اسی دفعہ کو آئینی اور جمہوری روایات کے مطابق اکثریت کی ضرورت بتاتے ہوئے بل کو واپس کر دیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن