
عالمی یومِ تپ دق کے موقع پر اے ایم یو میں کوئز مقابلے کا اہتمام
علی گڑھ، 03 اپریل (ہ س)۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن کے زیر اہتمام عالمی یومِ تپ دق کے موقع پر ایک کوئز مقابلہ منعقد کیا گیا، جس کا ہدف پوسٹ گریجویٹ ریزیڈنٹس میں تپ دق کے حوالے سے آگہی میں اضافہ تھا۔ یہ مقابلہ دو مراحل میں منعقد ہوا۔ ابتدائی مرحلے میں 13 ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں سے پانچ ٹیمیں فائنل مرحلے کے لیے منتخب ہوئیں۔
فائنل راؤنڈ میں ایم سی کیو، بزر راؤنڈ، ویژول مسٹری اور ریپڈ فائر راؤنڈ شامل تھے۔ ان مراحل کے ذریعے وبائی امراض، تشخیص، علاج اور تپ دق سے متعلق قومی پروگراموں کے حوالے سے شرکاء کی علمی صلاحیتوں کو پرکھا گیا۔ ڈاکٹر محمد یاسر زبیر، ڈاکٹر سید صہیب ہاشمی اور ڈاکٹر سوریہ پرکاش ریڈی پیرم نے کوئز کو منعقد کیا، جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر مباح دلشاد نے انجام دیے۔
فائنل راؤنڈ میں ڈاکٹر روہن کوشک اور ڈاکٹر شہالنَس کرم کنڈل پر مشتمل ٹیم نکشے ننجس نے پہلا مقام حاصل کیا، جب کہ ڈاکٹر آیوشی گپتا اور ڈاکٹر سی کے پربھاکرن پر مشتمل ٹیم مائیکو بسٹرز دوسرے مقام پر رہی۔ شعبہ کی چیئرپرسن پروفیسر عظمیٰ ارم اور ڈاکٹر ثمینہ احمد نے فاتحین میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے تپ دق کے خاتمے کی اہمیت اور اس ضمن میں طبی ماہرین کے کردار پر زور دیا۔ آخر میں ڈاکٹر دانش کمال نے اظہارِ تشکر کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ