
نئی دہلی، 03 اپریل (ہ س)۔ شمالی ضلع کے تھانہ سرائے روہیلا نے دن دہاڑے لوٹ کا معاملہ حل کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 5,51,500 روپے نقدی، جرم میں استعمال ہونے والا ایک دیسی ساختہ پستول اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کر لی ہے۔ جمعہ کو معلومات دیتے ہوئے ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ 27 مارچ کو بوانا میں جرابوں کی فیکٹری میں کام کرنے والے کلیکشن ملازم ابھیشیک پرجاپتی نے شکایت درج کرائی تھی۔
اس نے بتایا تھا کہ 26 مارچ کو اس نے پہلے شاستری نگر میں ورما ہوزری سے 65,000 روپے اور پھر چاندنی چوک میں کوچا گھاسی رام سے 10 لاکھ روپے کا کلیکشن کیا۔ وہ پوری رقم ایک تھیلے میں لے کر شاستری نگر کی طرف جا رہا تھا کہ شام تقریباً 5:50 بجے دو موٹر سائیکل سوار بدمعاشوں نے اسے شاستری نگر میٹرو سب وے کے قریب روک lia۔
الزام ہے کہ ایک بدمعاش نے اس کی طرف پستول تان لیا جبکہ دوسرے نے اس کا بیگ چھین لیا اور دونوں فرار ہوگئے۔ متاثرہ نے ان کا پیچھا کرنے کی کوشش کی، لیکن وہ موٹر سائیکل کا نمبر نوٹ کرنے یا انہیں پکڑنے میں ناکام رہا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
تفتیش کے دوران، پولیس نے 30 کلومیٹر کے دائرے میں 500 سے زیادہ سی سی ٹی وی کیمروں سے فوٹیج کی جانچ کی۔ فوٹیج میں ملزم کوفرضی نمبر پلیٹ والی یاماہا ایف زیڈ موٹر سائیکل پر سوار نظر آئے۔ پولیس نے ملزمان کے فرار ہونے کے راستے کا سراغ لگاتے ہوئے ، کشمیری گیٹ، شاستری پارک، کھجوری خاص، کراول نگر کے راستے آخر کار غازی آباد کے انکور وہار تک ان کے مقام کی نشاندہی کی۔ مقامی مخبر کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے دیو ماگو (24) اور روہت شرما (34) کو انکور وہار علاقے سے گرفتار کیا۔
دوران تفتیش دونوں نے لوٹ مار کا اعتراف کر لیا۔ پولیس نے دیو سے 314,000 روپئے اور جرم میں استعمال کی گئی موٹر سائیکل برآمد کی جبکہ روہت سے 237,500 روپئے اور ایک دیسی ساختہ پستول برآمد کیا گیا۔ تفتیش سے معلوم ہوا کہ واردات میں استعمال کی گئی موٹر سائیکل بھجن پورہ علاقہ سے چوری کی گئی تھی۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان نشے کے عادی ہیں اور قرض کی وجہ سے واردات کو انجام دیا۔دونوں مشتبہ افراد سے فی الحال پوچھ گچھ کی جا رہی ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد