
جموں, 03 اپریل (ہ س)جموں و کشمیر میں آئندہ 36 گھنٹوں کے دوران ایک مضبوط ویسٹرن ڈسٹربنس کے زیرِ اثر وسیع پیمانے پر درمیانی سے شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 3 اور 4 اپریل کو خطے کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ اس دوران گرج چمک، ژالہ باری اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ کشمیر اور جموں ڈویژن کے چند مقامات پر تیز بارش کے مختصر مگر شدید سلسلے دیکھنے کو مل سکتے ہیں، جس سے اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔
اطلاعات کے مطابق زوجیلا، سنتھن ٹاپ، مغل روڈ، سدھانہ ٹاپ اور رزدان ٹاپ سمیت اہم پہاڑی راستوں پر تازہ برفباری متوقع ہے، جس سے ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہو سکتی ہے۔ 2100 سے 2400 میٹر کی درمیانی بلندیوں پر بھی ہلکی برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 5 اور 6 اپریل کو موسم میں جزوی بہتری آئے گی، تاہم 7 سے 9 اپریل کے دوران دوبارہ بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ 10 اور 11 اپریل کو چند مقامات پر ہلکی بارش جبکہ 12 سے 15 اپریل کے دوران موسم عمومی طور پر خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں مارچ کے مہینے کے دوران معمول سے 34 فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر