
وادی کشمیر میں رسوئی گیس نہ ملنے سے لوگ پریشان، سرکار کے دعوے زمینی سطح پر کھوکھلے
سرینگر، 3 اپریل (ہ س)۔ ایران میں جاری جنگ کے بعد جس طرح سے پوری دنیا میں صورتحال پیدا ہوئی ہے، اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اگر جنگ جاری رہی تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ اس دوران جموں و کشمیر کی سرکار اگرچہ دعوٰی کر رہے ہیں کہ پیٹرول گیس اور ڈیزل کی کوئی کمی نہیں ہے، لوگوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے تاہم زمینی صورتحال اسکے برعکس ہے۔ ایسا لگ رہا ہے کہ سرکار کے دعوے کھوکھلے ثابت ہو رہے ہیں۔ اس اہم معاملے پر بات کرتے ہوئے سمبل ٹریڈرس فیڈریشن کے صدر نذیر احمد ریشی نے علاقے میں گھریلو ایل پی جی گیس سلنڈروں کی فراہمی اور تقسیم پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ حکومت کا دعویٰ ہے کہ ایجنسیوں کو ہوم ڈیلیوری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، لیکن سمبل ٹاؤن میں زمینی سطح پر ایسا کوئی نظام نظر نہیں آتا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پری بکنگ کے باوجود صارفین کو وقت پر گیس سلنڈر نہیں مل رہے ہیں۔ بہت سے معاملات میں، او ٹی پی یا ڈیلیوری کے پیغامات پہلے سے بھیجے جاتے ہیں جس میں کہا جاتا ہے کہ سلنڈر پہنچا دیا گیا ہے، جبکہ حقیقت میں ایسی کوئی ڈیلیوری نہیں ہوتی ہے۔ نذیر احمد ریشی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ سمبل ٹاؤن میں کہیں بھی ہوم ڈیلیوری خدمات کا مناسب نفاذ نہیں ہے جس کی وجہ سے عوام کو خاصی تکلیف ہو رہی ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور عوام کو گیس سلنڈر کی شفاف اور بروقت فراہمی کو یقینی بنائے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir