مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کا آخری مرحلہ آج، سات اضلاع کی 142 نشستوں پر غیر معمولی سیکورٹی میں ووٹنگ جاری
کولکاتا، 29 اپریل (ہ س)۔ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے کے لیے آج سات اضلاع کی 142 نشستوں پر ووٹنگ صبح سات بجے شروع ہوئی۔ اس کے لیے سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ محکمہ ہندوستانی موسمیات نے آج ووٹنگ والے تمام اض
علامتی تصویر


کولکاتا، 29 اپریل (ہ س)۔ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے کے لیے آج سات اضلاع کی 142 نشستوں پر ووٹنگ صبح سات بجے شروع ہوئی۔ اس کے لیے سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ محکمہ ہندوستانی موسمیات نے آج ووٹنگ والے تمام اضلاع میں آندھی اور طوفان کے ساتھ بارش کی پیشین گوئی کی ہے۔ تاہم الیکشن کمیشن کو یقین ہے کہ دوسرے مرحلے میں ووٹ فیصد مزید بڑھے گا اور نیا ریکارڈ بنے گا۔ اس سے پہلے 23 اپریل کو پہلے مرحلے کے لیے 16 اضلاع کی 152 نشستوں پر پرامن طریقے سے 93.19 فیصد کی ریکارڈ ووٹنگ ہوئی تھی۔ ان میں سے زیادہ تر اضلاع شمالی بنگال کے تھے۔

آج جنوبی بنگال کے سات اضلاع میں ووٹنگ ہورہی ہے۔ یہ اضلاع ہیں - کولکاتا، ہاوڑہ، شمالی 24 پرگنہ، جنوبی 24 پرگنہ، ہوگلی، ندیا اور مشرقی بردھمان۔ کمیشن نے کہا ہے کہ ان اضلاع میں پرامن ووٹنگ کرانے کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ مرکزی فورسز کی 2,231 کمپنیاں یعنی دو لاکھ سے زائد جوانوں کی تعیناتی کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ تقریباً 40 ہزار پولیس اہلکار بھی مستعد رہیں گے۔ کولکاتا میں سب سے زیادہ 273 کمپنیاں تعینات رہیں گی۔

پہلے مرحلے میں ووٹنگ مراکز کے اندر اور باہر سی سی ٹی وی لگائے گئے تھے۔ آخری مرحلے میں سیکورٹی مزید سخت کرتے ہوئے بوتھوں پر جانے والے راستوں میں بھی سی سی ٹی وی لگائے گئے ہیں۔ ڈرون سے بھی نگرانی رکھی جارہی ہے۔ اس مرحلے میں پولیس آبزرورز کی تعداد بھی 84 سے بڑھا کر 95 کر دی گئی ہے۔ آخری مرحلے میں سب کی نظر کولکاتا کی بھوانی پور نشست پر ہے۔ یہاں وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کو بنگال اسمبلی میں حزب اختلاف رہنما شبھیندو ادھیکاری چیلنج دے رہے ہیں۔ وہ نندی گرام سے بھی انتخاب لڑ رہے ہیں۔ وہاں پہلے مرحلے میں ووٹنگ ہو چکی ہے۔

دوسرے اور آخری مرحلے میں کل 1,448 امیدوار ہیں۔ ان میں فرہاد حکیم، اروپ بسواس، جاوید خان، سجیت بسو، ششی پانجا سمیت ممتا حکومت کے کئی وزراء، بنگال کانگریس کے صدر شبھنکر سرکار، سی پی آئی (ایم) کی تیز طرار رہنما میناکشی مکھرجی اور دیپشیتا دھر شامل ہیں۔ آر جی کر اسپتال میں زیادتی اور قتل کا شکار ہونے والی ڈاکٹر کی ماں اور سندیش خالی تحریک کا چہرہ ریکھا پاتر بھی امیدوار ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande