
کوٹا ضلع میں شری کرشن یدونشی اہیر سماج کی اجتماعی شادی کی تقریب میں شامل ہوئے ایم پی کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو
بھوپال، 26 اپریل (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے آشیرواد سے پاروتی-کالی سندھ-چنبل بین ریاستی منصوبے (پی کے سی) کو منظوری ملی ہے۔ اس منصوبے سے مدھیہ پردیش اورراجستھان مستفید ہوں گے۔ یہ پروجیکٹ مدھیہ پردیش اور راجستھان کے لیے معاشی خوشحالی کے دروازے کھولے گا۔ پروگرام میں لوک سبھا اسپیکر اوم برلا بھی خاص طور پر موجود تھے۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو اتوار کو راجستھان کے کوٹا ضلع کے موضع رینچھی میں شری کرشن یدونشی اہیر سماج کی اجتماعی شادی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چنبل میا کا آشیرواد مدھیہ پردیش اور راجستھان دونوں صوبوں کو مل رہا ہے۔ ہماری ریاست کئی ندیوں کے منبع کی وجہ سے ندیوں کا میکہ ہے۔ مدھیہ پردیش اور راجستھان جوڑی دار ریاستیں ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 16 سنسکاروں میں پانی گرہن سنسکار شامل ہے۔ شادی ہی کل اور گوتر کو آگے بڑھاتے ہوئے ابدیت بخشتی ہے۔ شادی سے جیون ساتھی کے ساتھ بیٹیوں کو نئے والدین ملتے ہیں۔ انہوں نے اجتماعی شادی کی تقریب میں نو شادی شدہ جوڑوں کو آشیرواد اور نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ وقت میں اجتماعی شادیاں کافی مفید ہیں۔ میں نے اپنے بیٹے کی شادی سادگی سے کی تھی۔ خاندانوں کو مہنگی شادیوں کی وجہ سے معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
راجستھان کے وزیر توانائی ہیرا لال ناگر نے کہا کہ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو سماج کا فخر ہیں۔ وہ راجستھان اور مدھیہ پردیش کو بھائی بھائی مانتے ہیں۔ دونوں ریاستوں کی حکومتوں نے اجتماعی کوشش کی اور آج پاروتی-کالی سندھ-چنبل ندی منصوبے پر کام ہو رہا ہے۔ پی کے سی منصوبے سے مدھیہ پردیش کے ساتھ راجستھان کے کسانوں کو بھی آبپاشی کے لیے کافی پانی ملے گا۔
راجستھان کے رکن اسمبلی مہنت بابا بالک ناتھ نے کہا کہ یوگیشور شری کرشن نے یدونشی خاندان میں جنم لے کر پورے سماج کو نوازا۔ اس اجتماعی شادی کی تقریب میں غریب اور پسماندہ طبقات کے خاندانوں کو شامل کر کے انہیں فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔ یدونشی سماج دھرم کے راستے پر چلتے ہوئے آگے بڑھنے والا سماج ہے۔ اجتماعی شادی کی تقریب کے ذریعے شادی بیاہ میں فضول خرچی رکی ہے۔پروگرام میں کئی سنت، راجستھان اور مدھیہ پردیش کے عوامی نمائندے موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن