
جے پور، 26 اپریل (ہ س)۔ انڈین پریمیئر لیگ 2026 کے 36 ویں مقابلے میں 15 سالہ ویبھو سوریاونشی کی تاریخی سنچری کے باوجود راجستھان رائلز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سن رائزرز حیدرآباد نے جے پور کے سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ہائی اسکورنگ مقابلے میں 5 وکٹوں سے جیت درج کی۔
راجستھان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوور میں 6 وکٹوں پر 228 رن بنائے۔ ٹیم کے لیے ویبھو سوریاونشی نے محض 37 گیندوں میں 103 رنوں کی طوفانی اننگز کھیلی اور 36 گیندوں میں اپنی دوسری آئی پی ایل سنچری مکمل کی۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 12 چھکے اور 5 چوکے لگائے، جبکہ دھرو جریل نے 51 رن اور ڈونون فریرا نے 16 گیندوں میں 33 رن بنائے۔
229 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے حیدرآباد نے 18.3 اوور میں 5 وکٹیں کھو کر میچ جیت لیا۔ ٹیم کی جانب سے ایشان کشن نے 74 اور ابھشیک شرما نے 57 رنوں کی تیز ترار اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ نتیش کمار ریڈی نے 36 اور ہینرک کلاسن نے 29 رن کا اہم تعاون دیا۔
راجستھان کی جانب سے جوفرا آرچر اور برجیش شرما نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ حیدرآباد کے لیے ایشان ملنگا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس جیت کے ساتھ سن رائزرز حیدرآباد پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے مقام پر پہنچ گئی، جبکہ راجستھان رائلز بہتر نیٹ رن ریٹ کی کمی کی وجہ سے چوتھے مقام پر کھسک گئی۔ دونوں ٹیموں کے اب 10-10 پوائنٹس ہیں، لیکن حیدرآباد آگے ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن