
نئی دہلی، 26 اپریل (ہ س)۔
فوٹو جرنلسٹ اور پدم شری ایوارڈ یافتہ رگھو رائے کا اتوار کو انتقال ہوگیا۔ وہ دو سال سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔ ان کے انتقال پر معروف شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ان کی عمر 83 برس تھی۔
زراعت اور کسانوں کی بہبود کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ ان کی آنکھ عام زندگی میں غیر معمولی معنی تلاش کر سکتی ہے۔ انہوں نے اپنے کیمرے اور تصویروں کے ذریعے بے شمار کہانیاں سنائیں جو آج بھی ہماری یادوں میں نقش ہیں۔ ان کی تصاویر نے ہمیں بھوپال گیس سانحہ کی ہولناکیوں سے ہلا کر رکھ دیا۔
مرکزی ثقافت اور سیاحت کے وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت نے کہا کہ انہوں نے فوٹو گرافی میں ہمدردی کی ضرورت کی وضاحت کی۔ ان کی تصاویر نے بھوپال گیس سانحہ کے بے پناہ درد کو بغیر الفاظ کے دنیا تک پہنچایا۔
پیٹرولیم اور قدرتی گیس کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے کہا کہ انہوں نے اپنے دل اور آنکھ کے ذریعے ہندوستان کی روح کو قید کیا اور روزمرہ کے لمحات کو قیمتی طور پر قید کرکے فوٹو گرافی کا ایک نیا معیار قائم کیا۔ رگھو رائے کے انتقال کے ساتھ، فوٹو گرافی نے اپنے سب سے زیادہ پرجوش اور متاثر کن فنکاروں، سرپرستوں اور شاگردوں میں سے ایک کو کھو دیا ہے۔ میں انہیں ایک اچھے دوست اور غیر معمولی سخی آدمی کے طور پر یاد رکھوں گا۔
کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ وہ ہندوستان کے معروف فوٹوگرافروں میں سے ایک اور پانچ دہائیوں سے زیادہ عرصے تک ایک ممتاز فوٹو جرنلسٹ رہنے والے رگھو رائے کے انتقال سے بہت افسردہ ہیں۔ بنگلہ دیش کی آزادی کی جنگ کی رگھو رائے کی زبردست کوریج اور اندرا گاندھی جیسی مشہور شخصیات کی ان کی بہت سی تصاویر ہماری اجتماعی یادداشت میں ہمیشہ کے لیے نقش رہیں گی۔
لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے کہا کہ رگھو رائے کی لینس نے چھ دہائیوں سے ہندوستان کی روح کو اپنے کیمرے میں قید کیا ۔ انہوں نے نہ صرف تصویریں کھینچیں بلکہ ہماری قوم کی یادداشت کو بھی محفوظ کیا۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا کہ عام ہندوستانیوں کی خوشیوں اور غموں، چیلنجوں اور جدوجہد کی کہانیوں کو قید کرنے والے لیجنڈری فوٹوگرافر رگھو رائے کے انتقال کی خبر گہرے دکھ کی بات ہے۔ ایشور ان کی روح کو سکون عطا کرے۔ ان کے سوگوار خاندان اور مداحوں سے میری گہری تعزیت۔ رگھو رائے کی یاد ان کی تاریخی تصویروں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ