
سرینگر، 19 اپریل (ہ س): منشیات کے خلاف اپنی جنگ کو تیز کرتے ہوئے، اننت ناگ پولیس نے اتوار کو تین مقدمات درج کیے اور چھ منشیات فروشوں کو الگ الگ کارروائیوں میں گرفتار کیا، جن سے 3.7 کلو گرام سے زیادہ منشیات برآمد کی گئی اور اس کے ساتھ 10,450 روپے کی نقد رقم بھی برآمد ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مسلسل کریک ڈاؤن کو جاری رکھتے ہوئے، اننت ناگ پولیس نے تین الگ الگ کارروائیوں میں چھ افراد کی گرفتاری اور 3.7 کلو گرام سے زیادہ منشیات ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ 10,450 روپے کی نقدی برآمد کرکے بڑی کامیابی حاصل کی۔ تھانہ اننت ناگ کے دائرہ اختیار میں دانتر ناکہ چیکنگ کے دوران اننت ناگ شہر کی طرف آنے والے چار افراد نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر بھاگنے کی کوشش کی لیکن انہیں حکمت کے ساتھ پکڑ لیا گیا۔ تلاشی کے نتیجے میں 3.178 کلو گرام گانجا پاؤڈر نما مادہ اور 10,450 روپے نقد برآمد ہوئے۔ ملزمین کی شناخت شبیر قیوم ولد عبدالقیوم دیوا ساکنہ چنی چوک اننت ناگ، زاہد منظور ولد منظور احمد میر ساکنہ حسن پورہ باغ حال اننت ناگ، فیضان لون ولد نذیر احمد لون ساکنہ میر دانتر اننت ناگ کے طور پر کی گئی ہے۔ ایک ملزم گوہر ریشی ساکنہ دانترفرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ مقدمہ درج کر کے تفتیش جاری ہے۔ وہیں پی پی سنگم: مرہامہ کراسنگ پر ناکے کی چیکنگ کے دوران پولیس پارٹی نے ایک سوئفٹ گاڑی کو روکا جس کا رجسٹریشن نمبر جے کے04جے-5556 تھا۔ اس میں سےمحمد طفیل حجام ولد عبدالسلام حجام اور مشتاق احمد کھانڈے ولد محمد صدیق کھانڈے، دونوں بڈی پورہ چاڈورہ کے رہنے والے، کو گرفتار کیا گیا۔ گاڑی کی تلاشی سے 3.29 گرام براؤن شوگر جیسا مادہ اور 7.88 گرام چرس نما مادہ برآمد ہوا۔ ایف آئی آر نمبر 97/2026 سیکشن 8/20/21/29 این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت متعلقہ پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی ہے۔ تھانہ بجبہاڑہ کے دائرہ اختیار میں واگھامہ میں ناکہ چیکنگ کے دوران جاوید احمد منٹو ولد ولی محمد منٹو ساکنہ واگھامہ بجبہاڑہ کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 468 گرام چرس پاؤڈر برآمد کیا گیا۔ مقدمہ ایف آئی آر نمبر 98/2026 سیکشن 8/20 این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت درج ہے۔ اننت ناگ پولیس نے منشیات کی لعنت کے تئیں اپنی صفر رواداری کی پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں اور سماج کی حفاظت کے لیے پیڈلرز اور سمگلروں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔ عوام الناس سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے علاقوں میں منشیات فروشی کے حوالے سے معلومات شیئر کریں، اس بات کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہ اطلاع دینے والوں کی شناخت کو صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir