
نئی دہلی ، 19 اپریل (ہ س)۔
راجدھانی میں ایل پی جی سلنڈروں کی ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کے خلاف ایک بڑے کریک ڈاو¿ن میں، کرائم برانچ نے سنگم وہار علاقے میں غیر قانونی گیس ذخیرہ کرنے اور ری فلنگ کرنے والے ریاکٹ کا پردہ فاش کیا ہے۔ پولیس نے چھاپے کے دوران 68بھارت گیس سلنڈر ضبط کیے اور دو مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (کرائم برانچ) سنجیو یادو نے اتوار کو کہا کہ کرائم برانچ (سنٹرل رینج) کو سنگم وہار علاقے میں گیس سلنڈروں کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی اور ری فلنگ کے بارے میں اطلاع ملی تھی۔ اطلاع کی بنیاد پر اے سی پی ستیندر موہن کی نگرانی میں انسپکٹر مہی پال سنگھ کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے جی-2 بلاک ، سنگم وہار میں ایک گھر پر چھاپہ مارا اور دیپک (37) اور شیام ( 45) کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ چھاپے کے دوران، پولیس نے کل 68 ایل پی جی سلنڈر برآمد کیے ، جن میں 36 بھرے ہوئے ، 29 خالی، اور تین ٹوٹی ہوئی مہریں تھیں۔ گیس ری فلنگ کے لیے استعمال ہونے والی موٹر ، دو نوزلز والا ایک پائپ اور ایک الیکٹرانک وزنی پیمانہ بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ دونوں ملزمان ایک مجاز بھارت گیس ایجنسی کے ڈیلیوری مین تھے اور سنگم وہار علاقے میں گیس سپلائی کے ذمہ دار تھے۔ الزام ہے کہ ایجنسی سے سلنڈر حاصل کرنے کے بعد وہ اسے صارفین تک پہنچانے کے بجائے اپنے گھروں کے قریب رکھ لیتے تھے۔ تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزمان بھرے ہوئے سلنڈروں سے 1-2 کلو گیس نکال کر خالی سلنڈروں میں بھرتے اور پھر اسے زیادہ قیمت پر مارکیٹ میں فروخت کرتے۔ اس طرح وہ مصنوعی طور پر گیس کی قلت پیدا کر کے بھاری منافع کما رہے تھے۔
پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف ضروری اشیاءایکٹ اور تعزیرات ہند کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کی سرگرمیاں نہ صرف قانون کی خلاف ورزی کرتی ہیں بلکہ عوامی تحفظ کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan