
مرینا میں شادی کی تقریب کے دوران بڑا حادثہ، کرنٹ لگنے سے آگرہ کے دو مزدوروں کی موت
بھوپال/مرینا، 19 اپریل (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے ضلع مرینا کے بسیا گاوں میں اتوار کو ایک شادی کی تقریب کے دوران بڑا حادثہ ہو گیا، جس نے خوشیوں کے ماحول کو پل بھر میں ماتم میں تبدیل کر دیا۔ کیٹرنگ کا سامان لے کر پہنچی ایک آئسر کینٹر پر بیٹھے مزدوروں میں سے ایک کا سر اوپر سے گزر رہی بجلی کی لائن سے ٹکرا گیا، جس سے پوری گاڑی میں کرنٹ پھیل گیا۔ اس حادثہ میں آگرہ کے دو مزدوروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جن میں ایک نابالغ بھی شامل ہے۔
اطلاع کے مطابق، ماتا بسیا تھانہ علاقے کے چندو کا پورا گاوں کے رہائشی گبر گوجر کے یہاں شادی کی تقریب تھی۔ کھانے کے انتظام کے لیے آگرہ کے کالے محل کیٹررز سے سامان منگوایا گیا تھا۔ ٹھیکیدار ابھیشیک اور مینیجر دیویندر نو مزدوروں کے ساتھ کیٹرنگ کا سامان لے کر ٹرک (یو پی 80 ای ٹی 2496) سے پہنچے تھے۔ تمام مزدور ٹرک کے کیبن کے اوپر بیٹھے ہوئے تھے۔ جب ڈرائیور نے سامان اتارنے کے لیے ٹرک کو پیچھے کیا، تبھی اوپر سے گزر رہی بجلی کی لائن ٹرک کے رابطے میں آگئی۔ صورتحال کو سنبھالنے کی کوشش میں آلوک نائی نے ہاتھ سے بجلی کا تار اٹھانے کی کوشش کی، لیکن ایسا کرتے ہی پوری گاڑی میں کرنٹ دوڑ گیا۔
کرنٹ سے بچنے کے لیے وکی جاٹو نے ٹرک سے کودنے کی کوشش کی، لیکن جیسے ہی اس نے لوہے کی باڈی کو پکڑا، وہ کرنٹ کی زد میں آگیا اور وہیں چپک گیا۔ اس حادثہ میں 18 سالہ آلوک نائی (رہائشی آگرہ کینٹ، ساوتھ ریلوے کالونی) اور 16 سالہ وکی جاٹو (رہائشی آگرہ کینٹ، کچی جھونپڑی) کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ وہیں دیگر سات مزدوروں کو کرنٹ کے جھٹکے لگے۔ واقعہ کے بعد موقع پر افراتفری مچ گئی۔ سول لائن پولیس نے رنکو ولد بھیا لال میسی کی شکایت پر معاملہ درج کر کے جانچ شروع کر دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن