
کھڑگ پور ، 19 اپریل (ہ س)۔ اسمبلی کی انتخابی تشہیر میں تیزی آ گئی ہے۔ مغربی میدنی پور اور جھاڑگرام اضلاع میں ہفتہ کو مختلف سیاسی جماعتوں نے پورے دن الگ الگ علاقوں میں عوامی جلسے اور ریلیاں کر کے اپنے اپنے امیدواروں کے حق میں حمایت مانگی۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی آج بیلدا اسٹیڈیم میں وجے سنکلپ جن سبھا ہونے والی ہے۔
وزیر اعظم مودی مغربی میدنی پور کے نارائن گڑھ میں واقع بیلدا اسٹیڈیم میں وجے سنکلپ جن سبھا سے خطاب کریں گے۔ اس کے بعد وہ جھاڑگرام میں بھی ایک عوامی جلسہ کریں گے۔ ہفتہ کو جھاڑگرام ضلع کے نیا گرام اسمبلی حلقہ میں ترنمول امیدوار دُلال مرمو کی حمایت میں اداکار اور گھاٹال کے رکن پارلیمنٹ دیو (دیپک ادھیکاری) نے عوامی جلسہ سے خطاب کیا۔
وہیں، مغربی میدنی پور ضلع کے دانتن علاقے کے کلیان پور میں بی جے پی امیدوار اجیت کمار جانا کی حمایت میں وجے سنکلپ سبھا منعقد کی گئی۔ اس جلسہ سے تریپورہ کے وزیر اعلیٰ مانک ساہا نے خطاب کیا۔ انہوں نے مغربی بنگال کی امن و امان کی صورتحال پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ریاست میں بے روزگاری اور تشدد کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے آنے والے انتخابات میں تبدیلی کے لیے ووٹ دینے کی اپیل کی۔
کھڑگ پور کے جھاپیٹا پور علاقے میں بی جے پی لیڈر دلیپ گھوش کی حمایت میں مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو نے ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کیا۔ ریلی میں خاص طور پر کھڑگ پور کے یادو سماج کے بڑی تعداد میں لوگ روایتی لباس میں پہنچے اور اپنے مشہور لاٹھی کھیل کا مظاہرہ بھی کیا۔ بی جے پی امیدوار شبھیندو ادھیکاری نے بھی اپنے اسمبلی حلقہ نندی گرام میں تشہیر کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن