
بیروت،19اپریل(ہ س)۔
اسرائیلی فوج نے ہفتے کی شام جنوبی لبنان کے 4 قصبوں میں متعدد گھروں کو دھماکوں سے اڑا دیا۔لبنانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنگ بندی کے باوجود جنوبی لبنان کے شہر بنت جبیل میں ایک بار پھر مسماری کی کارروائیاں کیں، جہاں اس کی موجودگی بدستور برقرار ہے۔ایجنسی نے بتایا کہ اسرائیلی افواج نے بنت جبیل میں متعدد گھروں کو دھماکوں سے تباہ کیا، جبکہ اسی نوعیت کی کارروائیاں سرحدی قصبوں الخیام، مرکبا اور الطیبہ میں بھی کی گئیں۔
اس سے قبل اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹزنے جنگ بندی کے نفاذ کے چند گھنٹوں بعد ہی کہا تھا کہ اسرائیلی فوج نام نہاد سیکیورٹی زون کو صاف کرنے کا عمل جاری رکھے گی اور اگلے مورچوں پر موجود دیہات کے گھروں کو بھی تباہ کیا جائے گا، جنہیں ان کے مطابق حزب اللہ کے ٹھکانے بنا لیا گیا ہے۔اسی دوران اسرائیلی توپ خانے نے ہفتے کے روز دیر سریان کے اطراف گولہ باری کی، جس میں وادی کے علاقے کو زوطر الشرقیہ کے مقابل نشانہ بنایا گیا، جیسا کہ لبنانی سرکاری ایجنسی نے رپورٹ کیا۔مزید بتایا گیا کہ اسرائیلی افواج نے الخیام قصبے کے تمام داخلی راستے مٹی کے بند اور رکاوٹیں لگا کر بند کر دیے ہیں تاکہ وہاں کسی بھی قسم کی آمد و رفت روکی جا سکے اور یہ اقدام اسی قصبے میں ہونے والے ایک اور دھماکے کے بعد کیا گیا۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ جمعرات کو لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا تھا، جو جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب سے نافذ العمل ہوئی۔تاہم اس سے قبل مارچ کے آغاز سے اسرائیلی حملوں میں شدت دیکھی گئی تھی، جب حزب اللہ نے مبینہ طور پر ایران کے حق میں جوابی کارروائی کی تھی۔دوسری جانب حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ تنظیم اسرائیلی خلاف ورزیوں کا جواب دینے کے لیے تیار ہے اور جنگ بندی کا احترام دونوں فریقوں پر لازم ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے جنگجو میدان میں موجود رہیں گے اور کسی بھی خلاف ورزی کا جواب دیں گے۔ادھر اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ جمعہ کے روز جنوبی لبنان میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گیا، جب کہ تین دیگر زخمی ہوئے۔اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ ایک بارودی سرنگ یا دھماکہ خیز مواد سے بھرے عمارت کی تلاشی کے دوران پیش آیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan