
آندھراپردیش سے عازمین حج کے پہلے قافلہ کی روانگیحیدرآباد، 19 اپریل (ہ س)۔
آندھراپردیش سے عازمین حج کا پہلا قافلہ آج گناورم ایرپورٹ، وجئے واڑہ سے روانہ ہوا۔ اس طرح ریاست آندھراپردیش سے حج 2026ء کیلئے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ وزراء کے رویندرا اورفاروق نے گنٹورکے رکن اسمبلی نصیراحمد، اے پی وقف بورڈ چیرمین عبدالعزیز، اے پی ایم ایف سی چیرمین مولانا مشتاق احمد، اے پی اسٹیٹ حج کمیٹی ایگزیکیٹیو آفیسر شیخ غوث پیر اور دیگراقلیتی قائدین کے ہمراہ عازمین حج کو ایرپورٹ لے جانے والی بسوں کو جھنڈی دکھائی۔ عازمین حج کی روانگی سے قبل خصوصی دعا کی گئی جس میں تمام معززین اورعازمین حج نے حصہ لیا۔ قبل ازیں عازمین حج کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس میں قائدین نے وزیراعلی این چندرا بابو نائیڈو کی نگرانی میں کئے گئے انتظامات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے وجئے واڑہ ایمبارکیشن پوائنٹ سے سفر کرنے والوں کیلئے فراہم کی گئی سہولتوں پر روشنی ڈالی۔ ریاستی وزیر این محمد فاروق نے کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے بالخصوص پرنسپل سکریٹری کی رہنمائی میں تمام انتظامات کئے گئے۔ انہوں نے یہ یقین بھی دلایا کہ حج سبسیڈی کی رقم عازمین حج کے بینک اکاؤنٹس میں ان کی واپسی کے بعد راست طورپرکریڈٹ کی جائے گی۔ عہدیداروں نے کہا کہ حج 2026ء کیلئے آندھراپردیش سے عازمین حج کی جملہ تعداد 2,023 ہے، ان میں 337 عازمین نے ایمبارکیشن پوائنٹ کے طور پروجئے واڑہ کا انتخاب کیا ہے اورانہیں حج سبسیڈی حاصل ہوگی۔ عازمین کوایئرپورٹ لے جانے کیلئے چارایرکنڈ یشنڈ بسوں کا انتظام کیا گیا۔ اس پہلے مرحلہ میں 160 عازمین حج روانہ ہوئے۔ ایس بی آئی فارن ایکسچینج انچارج ذاکرحسین نے بتایا کہ عازمین کی سہولت کیلئے 72 ہزارسعودی ریال کی رقم کا ہندوستانی کرنسی میں تبادلہ کیا گیا۔ عازمین حج نے ان انتظامات پرخوشی کااظہارکیا۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق