
جموں, 19 اپریل (ہ س)۔ ماتا ویشنو دیوی یاترا کے پیش نظر کٹرا قصبہ، یاترا ٹریک اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں سیکورٹی انتظامات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ادھم پور-ریاسی رینج شیو کمار شرما اور ایس ایس پی ریاسی مکند تیبریوال نے تفصیلی سیکورٹی جائزہ لیا۔
حکام نے گوبیان گاؤں، سُلہ، ریمندی اور دیوی پنڈیان سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور زمینی سطح پر سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ویلیج ڈیفنس گارڈز کو بھی فعال کیا۔
افسران نے ان دشوار گزار علاقوں میں پیدل گشت کیا اور دیوی پنڈیان ٹریک پر یاتریوں سے بات چیت کر کے سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے ان کی رائے حاصل کی۔
اس موقع پر ایس ایچ او، ایس ڈی پی او اور انچارج پولیس پوسٹ ککریال کو ہدایت دی گئی کہ وہ چوکس رہیں، باقاعدہ چیکنگ کو یقینی بنائیں اور گشت میں اضافہ کریں تاکہ یاتریوں اور مقامی باشندوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکام نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی، خصوصاً سماج دشمن اور ملک مخالف عناصر کے بارے میں فوری اطلاع دے کر علاقے کی سیکورٹی کو مزید مضبوط بنانے میں مدد کریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر