
حیدرآباد، 19 اپریل (ہ س)۔
تلنگانہ کے وزیراعلی اے ریونت ریڈی نے نئی دہلی میں کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری ورکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی سے ملاقات کی جس میں قومی سیاست، حد بندی اور خواتین کے حقوق جیسے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران تلنگانہ کےوزیراعلی نے پرینکا گاندھی کے متحرک سیاسی کردار بالخصوص جنوبی ہند کی ریاستوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے ان کی کوششوں کی ستائش کی ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں جنوبی ریاستوں کے حقوق کیلئے مضبوط آوازاٹھا نا نہایت ضروری ہے اوراس سلسلہ میں پرینکا گاندھی نے نمایاں رول ادا کیا ہے۔ حد بندی کے معا ملے پرگفتگو کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے بی جے پی حکومت کی پالیسیوں میں موجودہ خامیوں کو اجاگر کرنے پر پرینکا گاندھی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پرینکا گاندھی نے نہ صرف ان کمزوریوں کو بے نقاب کیا بلکہ متبادل تجاویزپیش کرکے جنوبی ریاستوں کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے کیلئے ایک واضح حکمت عملی بھی دی ہے۔ وزیراعلی نے تلنگانہ عوام کی جانب سے پرینکا گاندھی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قائد اپوزیشن لوک سبھا راہل گاندھی اوراے آئی سی سی صدر ملکارجن کھرگے کے ساتھ ملک کے جمہوری مستقبل کے تحفظ اوراپوزیشن اتحاد کو مضبوط بنانے میں غیرمعمولی کرداراداکیا ہے جو ناقابل فراموش ہے۔ پرینکا گاندھی سے ملاقات میں خواتین تحفظات بل پر بھی بات چیت ہوئی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق